دوہری شہریت والے افسران کی نشاندہی شروع‘ تمام اہم محکموں سے فہرستیں طلب
اسلام آباد(آن لائن) سپریم کورٹ کی طرف سے دوہری شہریت والے افسران کیخلاف بھرپور کارروائی کے بعد حکومت نے تمام اہم اداروں سے دوہری شہریت والے افسران کی فہرستیں طلب کرلی ہیں۔ اس ضمن میں حکومت کی طرف سے تمام اہم اداروں کو ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دوہری شہریت والے تمام افسران اپنی حیثیت کا واضح اعلان کریں اور تمام فہرستیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو فراہم کی جائیں گی۔ باخبر ذرائع کے مطابق اس حوالے سے ضروری ہدایات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو بھی جاری کردی گئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ اعلی افسران کی تقرریوں اور تبادلوں کے دوران بھی اس بات کا خاص خیال رکھا جائے اور مجاز حکام کو آگاہ کیا جائے کہ جس افسر کی تقرری اور تبادلہ کیا جارہا ہے وہ دوہری شہریت رکھتا ہے یا نہیں۔ واضح رہے کہ دوہری شہریت والے ارکان پارلیمنٹ کیخلاف بھرپور کارروائی کے بعد سپریم کورٹ دوہری شہریت والے افسران کیخلاف کارروائی میں مصروف ہے اور اس ضمن میں حکومت کو کئی احکامات جاری کرتے ہوئے اٹارنی جنرل سے وضاحت بھی طلب کی گئی ہے۔