• news

نوازشریف بتائیں کون طالبان سے مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ ہے: سمیع الحق

لاہور (آئی این پی) جمعیت علماءاسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے میاں نواز شریف سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لےکر بتائیں کہ کون طالبان سے مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ ملک کو دہشتگردی سے نجات اور قیام امن کیلئے طالبان سے مذاکرات ناگزیر ہیں۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا عاصم مخدوم سے ٹیلیفونک گفتگو میں مولانا سمیع الحق نے کہا طالبان سے مذاکرات میں تاخیر ملک کے مفاد میں نہیں اور سمجھ نہیں آتی کہ میاں نواز شریف کیوں طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے خاموش ہو چکے ہیں ان کو چاہیے وہ فوری طور پر طالبان سے مذاکرات میں رکاوٹ کے امور پر سیاسی جماعتوں کی قیادت کو اعتماد میں لیں۔ انہوں نے کہا اس میں کوئی شک نہیں امریکہ پاکستان اور طالبان کے مذاکرات نہیں چاہتا لیکن ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ پاکستان میں دہشتگردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے طالبان سے مذاکرات ضروری ہیں جن میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن