• news

پاک فضائیہ کی فوری ضروریات کیلئے حکومت ہنگامی بنیادوں پر فنڈز جاری کریگی

اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) پاک فضائیہ کی فوری ضروریات پوری کرنے کیلئے حکومت ہنگامی بنیادوں پر فنڈز جاری کریگی۔ یہ رقم فضائیہ کے رکے ہوئے ترقیاتی پروگرام، جے ایف 17کی سرعت سے تیاری اور ائر ڈیفنس نظام کو بہتر بنانے کیلئے استعمال کی جائیگی۔ ایک مستند ذریعہ کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے 13جون کو وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کرکے انہیں فضائیہ کی ضروریات کی ہنگامی نوعیت سے آگاہ کیا۔ اس ذریعہ کے مطابق سابق دور حکومت میں فضائیہ کو 2025ءتک کے ترقیاتی منصوبہ کیلئے فنڈز کا اجراءنہ ہونے کے باعث اس خطہ کی فضائی افواج کے مقابلہ میں پاک فضائیہ کی عددی اور پیشہ وارانہ خوبی کے اعتبار سے استعداد متاثر ہوئی ہے۔ اب نئے فنڈز کے اجراءسے فضائیہ کو کم از کم سانس لینے کا موقع مل جائیگا۔ واضح رہے فضائیہ کے سربراہ نے دو روز پہلے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کرکے انہیں اپنی فوری ضروریات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ فنڈز کی قلت کے باعث چین کے اشتراک سے تیار کئے گئے لڑاکا طیارہ جے ایف 17 تھنڈر کے اب تک صرف دو سکواڈرن فضائیہ میں شامل کئے جا سکے ہیں۔ یہ طیارے چینی ساختہ پرانے طیاروں ایف 7 کی جگہ لیں گے جن کے حادثوں کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن