بھارت چناب پر نیا ڈیم بنا کر ہمارا 2لاکھ ایکڑفٹ پانی چوری کریگا: وسیم اختر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ بھارت1960کے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کے دریائے چناب پر850میگاواٹ بجلی کی پیداواری صلاحیت کی حامل ہائیڈروپاورڈیم پراجیکٹ کی تعمیر شروع کرچکا ہے جس سے پاکستان کے حصے کا2لاکھ ایکڑفٹ پانی چوری ہوگا۔اسی ڈیم سے پیداہونے والی بجلی بھارت پاکستان کو فروخت کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے جبکہ ہمارے حکمران خواب خرگوش میں مصروف ہیں۔یہ ڈیم بگلیہار کے مقابلے میں تین گنا بڑا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ بھارت ایک ایک کرکے ہمارے دریاﺅں میں قبضہ جمارہاہے مگر بدقسمتی سے کسی کوکوئی پروا ہی نہیں۔ ایک سازش کے تحت اپنے کارندوں کے ذریعے بھارت کالاباغ ڈیم کی تعمیر کو سیاسی ایشو بناکر خود آبی جارحیت کا مرتکب ہو رہا ہے اگر اسے نہ روکاگیا تو2020ءتک پاکستان بنجر ہوجائے گا اور کسانوں کو اپنی فصلوں کو سیراب کرنے کے لئے ایک بوند پانی بھی میسر نہیں ہوگا۔