• news

پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، مواقع ملنے سے باصلاحیت کرکٹرز ملیں گے: علی ضیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) دورہ انگلینڈ کی تیاری کے لیے پاکستان انڈر 19 ٹیم کا تربیتی کیمپ 17 جولائی سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع ہوگا۔ قومی ٹیم دورہ انگلینڈ میں میزبان انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے خلاف سہ فریقی سیریز میں حصہ لے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ کے لیے پہلے ہی 15 کھلاڑیوں کا اعلان کر رکھا ہے جس کی قیادت کے فرائض سمیع اسلم انجام دینگے۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم کے منیجر علی ضیا کا کہنا ہے کہ تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کے لیے پریکٹس میچز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ انہیں اچھی پریکٹس حاصل ہو سکے۔ علی ضیا نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، باصلاحیت کھلاڑیوں کی گرومنگ کرکے ان کو کھیلنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں تو قومی کرکٹ ٹیم کو کئی نامور کھلاڑیوں کے متبادل مل جائیں گے۔ کھلاڑیوں کو باﺅلنگ اور بیٹنگ کا طریقہ تو سکھا یا جاسکتا ہے لیکن سکورنگ اور وکٹ لینے کیلئے زیادہ سے زیادہ میچز کھیلنے کا تجربہ ضروری ہے اس لئے نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیم میں زیادہ سے زیادہ میچز کھیلنے کا موقع دیا جانا چاہئے تاکہ وہ تجربہ حاصل کرسکیں۔ نئے کھلاڑیوں میں حبیب مقصود، عمران بٹ، حسن طلعت، ضیاءالحق، محمد آفتاب وغیرہ بہترین ہیں جو کہ قومی ٹیم میں اپنی جگہ بنا سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن