زرداری جلد واپس آئینگے، استعفیٰ دینگے نہ دوسری مدت کیلئے صدارتی امیدوار ہوں گے: ترجمان
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) صدارتی ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ زرداری جلد وطن واپس آجائیں گے صدارتی معیاد پوری کرنے کے بعد وہ ملک ہی میں رہیں گے ۔صدارتی ترجمان نے ایبٹ آباد کمشن کی رپورٹ پارلیمینٹ میں پیش کرنے اور اس پر بحث اور سفارشات پر عملدرآمد کے متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو پارلیمنٹ ہا¶س میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خارجہ امور کشمیر گلگت بلتستان کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔صدارتی ترجمان نے کہاصدر مملکت نجی دورے پر بیرون ملک ہیں اور لندن پہنچ چکے ہیں جلد پاکستان واپس آئیں گے۔ انھوں نے کہاکہ صدر زرداری کی وطن واپسی کے شیڈول کو سکیورٹی وجوہ کی بنیاد پر آگاہ نہیں کیا جا سکتا ۔صدارتی ترجمان نے واضح کیا کہ صدر آصف علی زرادری استعفٰی نہیں دیں گے اس حوالے سے قیاس آرائیوں کی ترید کرتا ہوں۔ صدارتی ترجمان نے کہا کہ پارلیمنٹ نے اپنی مدت پوری کی حکومت نے اپنی میعاد پوری کی کوئی وجہ نہیں ہے صدر پاکستان اپنی آئینی مدت پوری نہ کریں۔ انھوں نے کہا صدر زرادری خود بھی واضح کر چکے ہیں وہ دوسری مدت کے لئے صدارتی امیدوار نہیں ہوں گے جہاں تک اپوزیشن کی جانب سے صدارتی امیدوار کی نامزدگی کا معاملہ ہے تو یہ سیاسی فیصلہ ہو گا اس بارے میں اپوزیشن متفقہ طور امیدوار نامزد کر سکتی ہے ۔ایک سوال کے جواب مےں صدارتی ترجمان نے کہا کہ بلاول ہا¶س کراچی کے چیف سکیورٹی آفیسر بلال شیخ کے قتل کے ذریعے درحقیقت صدر پاکستان کو بھی پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں صدارتی ترجمان نے مطالبہ کیا کہ ایبٹ آباد کمشن کی رپورٹ کو سرکاری طور پر شائع کیا جائے اس سے قیاس آرائیوں کے خاتمے میں مدد ملے گی پارلیمنٹ میں ایبٹ آباد کمشن کی رپورٹ اور سفارشات پر بحث ہونی چاہئے اور اجتماعی بصیرت کو بروئے کار لاکر اس بارے میں متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ صدر پاکستان کو کسی سے محفوظ راستہ لینے کی ضرورت ہی نہیں ہے اس لئے کسی ڈیل کا سوال ہی خارج از امکان ہے آصف علی زرادری ڈٹ کر پاکستان میں رہیں گے۔