• news

کوئٹہ میں گاڑی ‘ جوس کی دکان پر فائرنگ ‘ ہزارہ برادری کے 4 افراد سمیت 7 جاں بحق

کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) کوئٹہ میں فائرنگ کے دو واقعات کے دوران 7 افراد کو قتل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں مسجد روڈ پر گزشتہ شام کار سوار افراد نے ایک تاجر کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس سے اس میں سوار ہزارہ برادری کے 4 افراد جاں بحق اور 6 شدید زخمیہوگئے۔ واردات کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے جن سے متعلق حکام کو رات گئے تک سراغ نہ ملا۔ مرنیوالوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اندھا دھند فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دکانیں اور کاروباری مراکز بند کر دیئے گئے۔ اس واقعہ پر مشتعل افراد نے سول ہسپتال کے باہر مظاہرہ کیا اور رکاوٹیں کھڑی کرکے مختلف سڑکیں بلاک کردیں۔ فائرنگ کے اس واقعہ کیخلاف بلوچستان شیعہ کانفرنس نے آج کوئٹہ میں سوگ جبکہ ہزارہ ڈیموکریٹک فرنٹ نے شٹر ڈاﺅن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ ادھر وزیراعظم نوازشریف نے کوئٹہ میں فائرنگ سے 4 افراد کی موت کی شدید مذمت کی ہے۔ جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے بھی کوئٹہ میں فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے بھی کوئٹہ میں ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ دریں اثناءرات گئے خدائے داد چوک میں دو موٹرسائیکلوں پر سوار 4 افراد نے جوس کی دکان پر گولیاں برسا دیں جس سے دکان کے مالک سمیت 3 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔ اس واقعہ پر مشتعل افراد نے سول ہسپتال کے باہر احتجاج کرتے ہوئے جناح روڈ بلاک کردیا۔ مشتعل افراد نے سول ہسپتال کے شعبہ حادثات میں توڑ پھوڑ بھی کی۔

ای پیپر-دی نیشن