• news

عدالتوں میں ناقص سکیورٹی ہوم سیکرٹری، آئی جی، سی سی پی او ایس ایس پی آپریشن طلب

لاہور (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شیخ نجم الحسن نے صوبائی دارالحکومت کی عدالتوں میں ناقص سکیورٹی کے خلاف دائر رٹ درخواست میں ہوم سیکرٹری، آئی جی پولیس، سی سی پی او لاہور اور ایس ایس پی آپریشن کو 22 جولائی کیلئے طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ رٹ میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ عدالتوں میں فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے لہٰذا عدالت سکیورٹی فول پروف بنانے کا حکم جاری کرے۔ عدالت نے قرار دیا کہ ججز، سائلین اور ملزمان سمیت ہر شخص کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے، جسٹس شیخ نجم الحسن نے ریمارکس میں کہا کہ یہ کیس انتہائی سنجیدہ ہے، سماعت کیلئے لارجر بنچ بنایا جائے۔ آئندہ سماعت پر آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور اور ہوم سیکرٹری کو طلب کر لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن