• news

عافیہ کی رہائی کے لئے امریکی صدر سے رحم کی اپیل کی جائے: ٹاسک فورس کی تجویز

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے قائم ٹاسک فورس نے حتمی سفارشات مرتب کرلیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق ٹاسک فورس نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے 20سفارشات مرتب کیں جو وزیر داخلہ چودھری نثار کو بھجوا دیں گئیں۔ وزیراعظم سے منظوری کے بعد ٹاسک فورس عافیہ کی وطن واپسی پر کام شروع کرے گی۔ رپورٹ میں ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کیلئے یورپی یونین کیساتھ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ کرنے اور امریکی صدر باراک اوباما سے رحم کی اپیل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ چودھری نثار کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو وطن واپس لانے کے معاملے پر بنائی جانے والی ٹاسک فورس نے اپنی رپورٹ جمع کروا دی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ امریکی حکومت نے دنیا کے ممالک سے باہمی معاہدے کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے اسلئے امریکہ کیساتھ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ پابندی ختم ہونے تک نہیں ہوسکتا۔ رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ اگر یورپی یونین کیساتھ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ کرلیا جائے تو اس کا اطلاق امریکہ پر بھی ہوگا اور اس معاہدے کے تحت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو پاکستان لایا جاسکتا ہے۔ ٹاسک فورس نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی تجویز دی ہے کہ اگر حکومت پاکستان ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے اہل خانہ امریکی صدر کو سزا کی معافی کیلئے رحم کی اپیل کریں تو پھر بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو واپس لایا جاسکتا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ میں جب کوئی صدر دوسری بار منتخب ہوتا ہے تو اسے رحم کی اپیلیں سننے کا اختیار حاصل ہوجاتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن