• news

صدارتی الیکشن 6 اگست کو ہو گا ‘ کاغذات نامزدگی 24 جولائی کو جمع ہوں گے‘ الیکٹورل کالج مکمل نہیں: خورشید شاہ ‘ مکمل ہے: چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد (خبرنگار+آئی این پی+اے ایف پی) الیکشن کمشن نے صدارتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے، پولنگ 6 اگست کو ہوگی کاغذات نامزدگی 24 جولائی کو جمع کرائے جا سکیں گے، کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی 26 جولائی کو کی جائے گی، کاغذات کی واپسی 29جولائی کو کی جا سکے گی، امیدواروں کی حتمی فہرست 29 جولائی کو جاری کی جائے گی۔ الیکشن کمشن کی طرف سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 24 جولائی دن 12 بجے تک پریذائیڈنگ آفیسر اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ کے پاس جمع کرائے جا سکتے ہیں۔ سکروٹنی 29 جولائی کو دن 12 بجے تک کی جائے گی، پولنگ پارلیمنٹ ہاﺅس اسلام آباد، صوبائی اسمبلی بلڈنگ لاہور، کراچی، خیبر پی کے اور کوئٹہ میں ہوگی۔ سینٹ اور قومی اسمبلی کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد انور خان، پنجاب اسمبلی کیلئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطا بندیال، سندھ اسمبلی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مشیر عالم، صوبائی اسمبلی خیبر پی کے پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان اور بلوچستان کیلئے صوبائی چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو پریذائیڈنگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق صدارتی انتخاب کے سرکاری نتائج کا اعلان 7 اگست کو کیا جائے گا۔ الیکشن کمشن کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار صدر اپنی آئینی مدت پوری کررہا ہے۔ نئے منتخب صدر موجودہ صدر آصف علی زرداری کی مدت ختم ہونے پر حلف اٹھائیں گے۔ زرداری کے عہدہ کی مدت 8 ستمبر کو ختم ہو رہی ہے۔ واضح رہے کہ صدرآصف علی زرداری کے عہدے کی مدت 9 ستمبر 2013 کوختم ہورہی ہے، آئین کے آرٹیکل 41 کے تحت صدر کے عہدے کی مدت ختم ہونے سے 30 روز قبل صدارتی الیکشن کرانا آئینی مجبوری ہے جبکہ قومی اسمبلی، سینٹ اور صوبائی اسمبلیوں پر مشتمل الیکٹورل کالج کے ذریعے نئے صدر کا انتخاب کیا جائے گا۔ آئین کے تحت صدارتی امیدوار پاکستانی شہری اور مسلمان ہونا ضروری ہے جبکہ اس کی عمر 45 سال سے کم نہیں ہونی چاہئے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ صدر کے انتخاب کیلئے الیکٹورل کالج ابھی مکمل نہیں ہے۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 42 حلقوں میں ضمنی الیکشن ہونا باقی ہیں اسلئے ضمنی الیکشن سے قبل صدارتی الیکشن نہیں کرانا چاہئے۔ چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم نے کہا ہے کہ الیکٹورل کالج مکمل ہے صدارتی الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں تاخیر کسی صورت مناسب نہیں ہے۔ اے ایف پی کے مطابق زرداری صدارتی انتخاب میں حصہ نہیں لیں گے، پاکستان کی کسی بڑی جماعت نے صدارتی انتخابات کیلئے اپنے امیدوار کا اعلان ابھی تک نہیں کیا۔

ای پیپر-دی نیشن