ایران بجلی کے بدلے پاکستان سے گندم لینے پر رضا مند
اسلام آباد(این این آئی) ایران بجلی کے بدلے پاکستان سے گندم کے تبادلے پر رضامند ہوگیا، پاکستان پانچ کروڑ دس لاکھ ڈالر کی بجلی لے کر نوے لاکھ ٹن گندم فراہم کرے گا۔ ایران کے ڈپٹی وزیر توانائی محمد بہزاد کے مطابق ایران پاکستان سے نوے لاکھ ٹن گندم لے گا جس کے بدلے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کو ادھار بجلی فراہم کی جائےگی، اس سے قبل ایران کی پلانٹ پروٹیکشن آرگنائزیشن نے پاکستانی گندم کو مضر صحت قرار دیا تھا، اس کے باوجود محمد بہزاد کا کہنا ہے کہ ایران پاکستان سے براہ راست تبادلے کی تجارت چاہتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایران کی وزارت صنعت و پیداوار نے اس منصوبے کی منظوری بھی دے دی ہے، گندم کے بدلے میں ایران پاکستان کو پانچ کروڑ دس لاکھ ڈالر مالیت کی بجلی فراہم کرے گا، جبکہ پاکستان نقد ادائیگی کے بدلے ایران کو گندم اور چاول دے گا، ادھر ایرانی توانائی کمپنی تاوانیر نے کہاکہ اگر پاکستان نے اگست تک چوہتر میگاواٹ بجلی کی ادائیگی نہیں کی، تو فراہمی منقطع کر دی جائے گی، جس کی قیمت آٹھ سے نو سینٹس فی یونٹ ہے۔