جعلی ڈگری کیس: امجد وڑائچ کی نااہلی کیخلاف اپیل مسترد، ٹربیونل کا فیصلہ برقرار
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں سابق رکن قومی اسمبلی امجد علی وڑائچ کو نااہل قرار دینے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ان کی اپیل مسترد کر دی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے منتخب ہونے والے سابق رکن قومی اسمبلی امجد وڑائچ کو الیکشن ٹربیونل نے نااہل قراردیا تھا۔ امجد وڑائچ نے الیکشن ٹربوینل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ گزشتہ روز کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے سابق رکن قومی اسمبلی امجد علی وڑائچ کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دئیے کہ کیا جعلی ڈگری کیس سے متعلق کام کرنا صرف عدالت کے ذمہ ہے۔ وفاق اور صوبے جعلی ڈگری پر اپنی ذمہ داری پوری کیوں نہیں کرتے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ انتخابات میں امجد وڑائچ نے ڈگری سے متعلق جان بوجھ کر جھوٹ بولا اور دانستہ جھوٹ بولنے والا شخص عوامی نمائندگی کا اہل نہیں ہے۔