مشرف کے خلاف تحقیقات، فوج فوکل پرسن مقرر کرے گی
اسلام آباد (نیشن رپورٹ) 3 نومبر کی ایمرجنسی کے حوالے سے مشرف کے خلاف ایف آئی اے ٹیم کی طرف سے کی جانے والی تحقیقات میں فوج نے بھی شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ دی نیشن کو باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے اس حوالے سے پہلے مرحلے میں فوج کی طرف سے ایک فوکل پرسن مقرر کیا جا رہا ہے جو ایف آئی اے ٹیم کے ساتھ کام کرے گا اور اسے ہر طرح کی مدد بھی فراہم کرے گا اس طرح ایوان صدر اور وزیراعظم ہاﺅس بھی الگ الگ فوکل پرسن تعینات کر رہے ہیں جو ایف آئی اے ٹیم کی مدد کریں گے۔ واضح رہے ایف آئی اے ٹیم کے انچارج خالد قریشی نے کچھ روز قبل وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ موجودہ حکومت اور فوج کو کہا جائے کہ وہ فوکل پرسن مقرر کریں تاکہ دونوں سے کیس کی تفتیش کے حوالے سے ضروری کاغذات اور معلومات حاصل کی جا سکیں۔ ذرائع کے مطابق آرمی جج ایڈووکیٹ جنرل فوکل پرسن کے طور پر کام کریں گے۔