ڈھاکہ: غلام اعظم کی سزا کے خلاف مظاہرے جاری‘ پولیس کی فائرنگ ‘ جماعت اسلامی کے 2 کارکن جاں بحق
ڈھاکہ (اے پی پی) جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے سینئر رہنما کی جنگی جرائم کے مقدمے میں سزا کیخلاف مظاہرہ کرنے والے کارکنوں پر پولیس نے فائرنگ کر کے دو کو ہلاک کر دیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ جنوبی بنگلہ دیش کے علاقے کالی گنج قصبے میں پیش آیا جہاں جماعت اسلامی کے ہزاروں کارکن اپنے سینئر رہنما کو جنگی جرائم کے مقدمے میں دی جانے والی سزا کیخلاف احتجاج کر رہے تھے۔ ڈنڈوں اور چاقوﺅں سے مسلح یہ کارکن اچانک مشتعل ہو گئے اور انہوں نے پولیس پر مذکورہ ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ دیسی ساختہ بموں سے بھی حملہ کر دیا۔ ضلعی پولیس ڈپٹی چیف تاج الاسلام نے صحافیوں کو بتایا کہ مظاہرین نے ایک پولیس آفیسر کو پکڑ لیا جسے چھڑانے کیلئے انہیں مجبوراً فائرنگ کرنی پڑی جس سے دو مظاہرین ہلاک ہو گئے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی جماعت اسلامی کے کارکنوں نے مظاہرے اور ہڑتال کی تھی۔