گزشتہ برسوں کے سیکرٹ فنڈ کا آڈٹ کرایا جائیگا: پرویز رشید
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ گزشتہ برسوں کے سیکرٹ فنڈ کا آڈٹ کرایا جائے گا۔ سیکرٹ فنڈ کی کوئی چیز خفیہ نہیں رہے گی۔ نیشنل پریس کلب تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہماری توجہ توانائی بحران اور ملک کو محفوظ بنانے پر ہے۔ بجلی چوروں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ ایسا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں جہاں دھماکے اور دہشت گردی نہ ہو۔ سب کو خوش و خرم اور چہرے پر مسکراہٹیں دیکھنا چاہتے ہیں۔ پاکستان پہلے محفوظ ملک تھا ، کسی کو معلوم نہیں تھا کہ بجلی کا جانا کیا ہوتا ہے۔ پاکستان کو پھر ایسا ملک بنائیں گے جہاں لوڈشیڈنگ نہ ہو۔ میڈیا سے گفتگو میں پرویز رشید نے کہا ہے کہ ہر بات کی وفاق پر ذمہ داری ڈالنا درست نہیں‘ لائن لاسز کم کرنااور بجلی کی چوری روکنا صوبائی حکومتوں کا کام ہے ، خیبر پی کے اور سندھ حکومت بجلی چوری روکنے کے لئے خود عملی اقدامات کریں۔ سندھ اور خیبر پی کے حکومت بجلی چوری روکنے اور لائن لاسز کم کرنے کے لئے عملی اقدامات کرتے ہوئے بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ پرویز رشید نے کہا کہ اپنی ناکامی وفاق پر ڈال دینے سے صوبوں کی ذمہ داریاں ختم نہیں جاتیں۔ صوبوں کو اپنے حصے کے کام تو کرنے ہی پڑیں گے۔ وفاق ہرسطح پر صوبوں کی ہرممکن مدد کرتا ہے۔