• news

کوئٹہ: تخریب کاری کا منصوبہ ناکام، 2 افراد گرفتار، گیس پائپ لائن تباہ

کوئٹہ (بیورو رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) کوئٹہ پولیس نے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کچلاک کے علاقے سے بھاری مقدار میں ٹائم ڈیواسز، ریموٹ کنٹرول، دھماکہ خیز مواد میں استعمال ہونے والا مواد برآمد کر کے دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایچ او کچلاک نے دیگر عملے کے ہمراہ کلی لنڈی میں چھاپہ مار کر گھر سے ٹائم ڈیواسئس سرکٹ 167 ریموٹ کنٹرول ریسور 183 ریموٹ کنٹرول سنگل، 3 ریموٹ کنٹرول ڈبل، 5 پریشر سرکٹ شو، 20 ریموٹ کنٹرول، بیٹری 9 وولٹ 46، بیٹری سیل 30 برآمد کر کے دو افراد عبدالباقی، عبدالہادی کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ ادھر ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی سے لیویز اہلکار کی گولیوں سے چھلنی نعش برآمد کر کے ہسپتال پہنچا دی گئی۔ لیویز ذرائع کے مطابق لیویز اہلکار اقبال کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ دریں اثناءدائےداد چوک پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا پیش امام سی ایم ایچ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ دریں اثناءمچھ میں نامعلوم افراد نے 12 انچ کی گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔ گیس پائپ لائن کا ایک فٹ کا حصہ تباہ ہو گیا جس سے ماچھ کے ارد گرد دیہات اور کوئٹہ کے بعض علاقوں کو گیس کی سپلائی معطل ہو گئی۔ علاوہ ازیں ضلع بولان کے علاقے مچھ میں ایف سی نے 8مشتبہ افراد گرفتار کر کے تحقیقات شروع کر دی۔ چمن پاک افغان سرحد پاکستان ہوٹل کے قریب مسافر گاڑیوں کے سٹینڈ سے بیگ سے ایک خطرناک بم برآمد، ایک مشکوک شخص گرفتار کر لیا۔ ادھر پنجگور کے علاقے میں سڑک کے کنارے نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا۔ ایئرپورٹ روڈ پر نامعلوم افراد نے تخریب کاری کی غرض سے سڑک کے کنارے بم نصب کر رکھا تھا۔ علاوہ ازیں چمن بارڈر کسٹم ہا¶س کے قریب بم رکھتے ہوئے لوگوں نے ایک مبینہ ملزم کو پکڑ لیا۔ ملزم کو حساس اداروں نے حراست میں لے لیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق چمن بارڈ ر کے کسٹم ہا¶س کے قریب ایک مشکوک شخص نے پاک افغان شاہراہ پر واقع پل کے نیچے ایک مشکوک بیگ رکھا اور فرار ہو رہا تھا کہ اس دوران شہریوں نے دیکھ لیا اور انہیں پکڑ لیا۔ دریں اثناءپنجگور کے علاقے خدابادان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بی این پی مینگل کے ضلعی صدر کے بھائی سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔

ای پیپر-دی نیشن