• news

آٹے کی سپلائی پر یوٹیلٹی سٹورز انتظامیہ کے فلور ملز ایسوسی ایشن سے مذاکرات ناکام

لاہور(کامرس رپورٹر) یوٹیلٹی سٹورز انتظامیہ اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے مابین یوٹیلٹی سٹورز پر رمضان پیکیج کے تحت آٹے کی سپلائی بحال کرانے کیلئے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ایم ڈی سلطان محمود اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے مابین گزشتہ روز یوٹیلٹی سٹورز پر آٹے کی سپلائی بحال کرانے کیلئے مذاکرات میں فلور مل مالکان نے مطالبہ کیا کہ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں 100 روپے من تک اضافہ ہو چکا ہے اسی تناسب سے فلور ملوں کیلئے 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت بڑھائے جس سے ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز نے اتفاق نہیں کیا جس پر فلور ملز ایسوسی ایشن نے رمضان میں یوٹیلٹی سٹورز پر آٹے کی سپلائی بند کر رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ سے مذاکرات کرنے والے وفد میں شامل عاصم رضا احمد، میاں ریاض، خواجہ عمران، ملک رمضان، ریاض اللہ خان کے مطابق اوپن مارکیٹ میں 40 کلو گندم کی قیمت میں 100روپے اضافہ ہوا ہے اور اسکا ریٹ 1300 روپے سے بڑھ کر 1400 روپے تک پہنچ چکا ہے۔ ہمارے لئے پرانے ریٹ پر یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا مہیا کرنا ممکن نہیں ہے انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز انتظامیہ سبسڈی رقم میں سے 20 کلو کے ایک آٹے کے تھیلے پر 12 روپے سے لیکر 20 روپے منافع کما رہی ہے حالانکہ آٹے کے 20 کلو تھیلے پر انکا منافع 5روپے طے ہوا ہے۔
یوٹیلٹی سٹورز/آٹا

ای پیپر-دی نیشن