پاکستان کیساتھ تعلقات کا فروغ خارجہ پالیسی کی ترجیح ہے: ایرانی صدر
تہران (آن لائن) ایران کے نومنتخب صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اپنے دور اقتدار میں ہمسایہ ممالک خصوصاً پاکستان کیساتھ تعلقات کا فروغ ان کی خارجہ پالیسی کی بنیادی ترجیح ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنے پاکستانی ہم منصب آصف علی زرداری کی جانب سے بھیجے گئے تہنیتی پیغام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے حسن روحانی نے صدر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ اور مسلم ممالک خصوصاً پاکستان کیساتھ تعلقات کا فروغ ہماری آئندہ انتظامیہ کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے اسلامی‘ ثقافتی اور تاریخی تعلقات نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کی مضبوطی اور خطے میں امن و امان اور استحکام کے حوالے سے بھرپور معاونت فراہم کی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تمام شعبوں میں اچھے ہمسایوں اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ایران کے نو منتخب صدر حسن روحانی نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی اسرائیلی دھمکیوں کونظر انداز کرتے ہوئے کہا ہے کہانہیں اسرائیل کی طرف سے انتباہی بیانات پر ہنسی آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب امریکہ اور اسرائیل اس قسم کے بیانات دیتے ہیں کہ ایران کےخلاف فوجی کارروائی کا آپشن موجود ہے تو ایسی باتیں مضحکہ خیز لگتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہودی ہمیں دھمکیاں دینے والے کون ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ ایرانکی طرف سے جوابی کارروائی کی وارننگ کے باعث اسرائیل کو ایران کے خلاف جارحیت کی جرا¿ت نہیں ہورہی۔