وفاقی وزیر صنعت سے ملاقات، جرمن وفد کی پورٹ قاسم میں سرمایہ کاری کی پیشکش
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی سے جرمنی کمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے وفاقی وزیر کو پورٹ قاسم کے آئرن اور کول برتھ کو مزید فعال بنانے اور برتھ کی توسیع کے حوالے سے سرمایہ کاری پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔ تجویز کے مطابق جرمن کمپنی برتھ کی استعداد کار بڑھانے، برتھ کو احسن طریقے سے چلانے، آف لوڈنگ میں اضافے اور جدید طریقے سے کارگو کی ترسیل پر ابتداً 5 سال کے لئے 40 ملین ڈالر سرمایہ کاری کرنے کی خواہاں ہے۔ مزید برآں کمپنی نے برتھ کی دیکھ بھال اور توسیع میں بھی سرمایہ کاری پر دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس سرمایہ کاری کی بدولت بندرگاہ پر درآمدہ کوئلے کی قیمت میں خاطر خواہ کمی کا امکان ہے۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی خواہاں ہے، ماضی میں بیرونی سرمایہ کاروں کو جو رکاوٹیں درپیش تھیں انہیں جلد از جلد دور کرکے ملک میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا جائے گا۔ سٹیل ملز کے مسائل کے حل کے لئے ہر تجویز کا ازسر نو جائزہ لینے کے لئے تیار ہیں اور ہر فیصلہ میرٹ پر کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے جرمن پیشکش کے تفصیلی جائزے کے لئے ایک اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کر دی اور کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ تسلسل کے ساتھ سرمایہ کاروں سے ملاقات کرکے پروپوزل کے قابل عمل ہونے کا جائزہ لے اور اس پر اپنی سفارشات پیش کرے۔