ممبئی، پارلیمنٹ پر حملے، بھارت سے وضاحت مانگی ہے: پرویز رشید کی تصدیق
اسلام آباد/نئی دہلی( اے این این )وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے پارلیمنٹ پر اور ممبئی میں ہونیوالے دہشتگردانہ حملوں میں خود بھارت کے ملوث ہونے کے بارے میں بھارتی وزارت داخلہ کے ایک سابق اعلیٰ افسر کے انکشاف پر بھارتی حکومت سے وضاحت طلب کی ہے اور اس سلسلے میں بھارت کے جواب کا انتظار ہے۔ ادھر یہ سنسنی خیزانکشاف کرنے والے بھارتی وزارت داخلہ کے سابق اعلیٰ افسرآر وی ایس مانی نے پاکستان کے وضاحت طلب کرنے کے بعد اپنی حکومت کے شدید دباو¿ پر پینترا بدل لیا اور کہا ہے کہ انہوں نے سیکرٹری اربن ڈویلپمنٹ کو لکھے گئے خط میں پارلیمنٹ پرحملے اور ممبئی حملوں کے بارے میں ایسی کوئی بات نہیں لکھی۔ جمعرات کی شام ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پرویزرشید نے کہا کہ دفترخارجہ نئی دہلی میں بھارتی حکام سے رابطے میں ہے اور ہمیں اپنی وضاحت کے جواب کا انتظار ہے۔ بھارتی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق آر وی ایس مانی نے اپنے اس بیان سے انکار کیا ہے کہ ممبئی حملوں اور بھارتی پارلیمنٹ پر حملے میں خود بھارتی حکومت ملوث تھی اور یہ انہی کا منصوبہ تھا۔ مانی کے اس بیان پر پورے بھارت میں ایک طوفان کھڑا ہو گیا تھا جس نے بھارت کا چہرہ پوری دنیا پر عیاں کردیا اور پاکستان پر بھارتی الزامات کی حقیقت کو بے نقاب کردیا تھا۔پرویز رشید نے مزید کہا کہ ایبٹ آباد کمشن رپورٹ پر سینٹ کمیٹی کے مشورے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔ چیئرمین نیب کی تقرری پر قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف رابطے میں ہیں۔