امریکہ پاکستان کو 7.8ملین ڈالر مالیت کے ٹالون فور روبوٹ فراہم کریگا
کراچی( نیوز ایجنسیاں )امریکہ پاکستان کو ٹالون روبوٹ فراہم کرے گا۔ امریکی اور فرانسیسی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکہ 7.8 ملین ڈالر مالیت کے ٹالون فور روبوٹ پاکستان کو برآمد کرے گا۔میساچوسٹس کی QinetiQ نارتھ امریکہ فرم کو مقررہ قیمت 7,772,646 ڈالر میں ٹالون فور نامی گاڑیوں ،پرزہ جات کی خریداری اور تربیت کا ٹھیکہ دیا گیا ہے۔ یہ معاہدہ فارن ملٹری سیلز کی مد میں سو فی صد پاکستان کیلئے دیا گیا ہے۔Talon چہارم روبوٹ ملٹری دھماکہ خیز موادکو فاصلے سے ضائع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جسے ایک آدمی دور سے ہی انجام دے سکتا ہے۔اس کی تیاری میں99فی صد کام میساچوسٹس اور ایک فی صد پاکستان میں کیا جائے گا اور دسمبر 2013 تک مکمل ہونے کی امید ہے۔ فرانسیسی دفاعی ایرو اسپیس کی رپورٹ کے مطابق اس بغیر پائلٹ روبوٹ کوایک فوجی طویل فاصلے سے اس سے جاسوسی کامشن انجام دے سکتا ہے۔ سادہ دھماکہ خیز مواد سے فوجی اور تکنیکی اہلکاروں کے ساتھ نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اس طرح کے روبوٹ عراق،افغانستان اور دیگر علاقوں میں بڑے پیمانے پر تعینات کیے گئے ہیں۔اس کا بنیادی کام جاسوسی ،دشمن کی افواج پر حملہ اور سڑک کنارے بمو ں کو نصب اور دھماکا خیز ڈیوائسز جیسے خطرناک امور کی انجام دہی کے لئے فوجی اہلکاروں کی مدد ہے۔ ٹالون روبوٹ میساچوسٹس کے والٹہم کی فاسٹر ملٹر کی طرف سے تیار کیا جاتا ہے،ریموٹ کنٹرول سے چلایا جانے والا یہ روبوٹ جاسوسی سے لیکر جنگی امور تک انجام دیتا ہے۔یہ ریت،برف اور پانی سے سو فٹ کی بلندی پر کام کرسکتا ہے۔یہ سیڑھیاں چڑ ھ سکتا ہے اور سات دن تک مسلسل کام کرسکتا ہے بیٹری کو ری چارج کرنا پڑتا ہے، اسے فوجی اہلکار ایک ہزار میٹر کی دوری سے آپریٹ کرسکتا ہے۔60سے100پونڈ وزنی اس روبوٹ کی قیمت60ہزار ڈالر ہے۔