• news

گھریلو جھگڑوں میں اضافہ‘ جون کے مہینے لاہور کی سول عدالتوں میں 3209 مقدمات درج

لاہور(شہزادہ خالد) مہنگائی ، بے روز گاری کے باعث گھریلو جھگڑوں میں اضافوں سے عدالتوں میں دائر مقدمات کی شرح میں انتہائی تیزی آ گئی ہے۔خاص طور پر فیملی کورٹس میں دائر مقدموں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ لاہور کی سول عدالتوں میںصرف جون 2013 ءمیں 3209 مقدمات دائر ہوئے ہیں۔ 2013 ءکی پہلی ششماہی میں 30 جون تک 20 ہزار 548 مقدمات دائر کئے گئے۔ ان مقدمات میں زیادہ تعداد طلاق، خلع، بچوں کی حوالگی اور خرچہ نان و نفقہ سے متعلق ہے۔ میاں بیوی کے ان آپسی جھگڑوں پر سنجیدہ حلقوں نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ان مسائل کی بڑی وجہ ٹی وی چینلز پر دکھائے جانے والے بیہودہ ڈراموں، انٹرنیٹ، موبائل فونز کا غیر ضروری استعمال قرار دیا ہے۔ خلع کے مقدمات دائر کرنے والی خواتین کی اکثریت وہ ہے جنہوں نے پسند کی شادیاں کیں۔ پنجاب بھر کی سول عدالتوں میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد مقدمات زیر التواءہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں سول مقدمات کی تعداد 65ہزار سے زائد ہے۔ ان مقدمات میں بالواسطہ طور پر1لاکھ سے زائد خاندان اور تقریباً 3لاکھ بچے بھی مقدمہ بازی میں شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن