• news

افغان مصالحتی عمل کی کامیابی‘ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے: جنرل کیانی

راولپنڈی(اے این این )چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویزکیانی نے برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان افغان مصالحتی عمل کی کامیابی اور خطے میں امن واستحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کےلئے کردار اداکرتا رہے گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق برطانوی وزیرخارجہ ولیم ہیگ نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر افغانستان سے اتحادی افواج کے 2014ءکے انخلاءکے بعد کی صورتحال افغانستان میں امن واستحکام کے معاملات اور پاکستان افغان سرحدی صورتحال بھی زیر بحث آئے۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان افغان مصالحتی عمل کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے خطے میں امن واستحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کردار اداکرتا رہے گا ۔ ولیم ہیگ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردارکو سراہتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔ برطانیہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت اور تعاون جاری رکھے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن