پنجاب میں محکمہ صحت کی ٹیموں اور ڈینگی لاروا چیک کرنے والوں کو سکیورٹی دینے کا فیصلہ
لاہور (نیوز رپورٹر) محکمہ صحت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی لاروا چیک کرنے والی، پولیو قطرے پلانے والی، خسرہ مہم اور دیگر صحت سے متعلقہ مہم کے دوران جانیوالے ملازمین کی سکیورٹی سخت بنانے اور متعلقہ تھانے کو ساتھ ملانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے شاہدرہ میں ڈینگی لاروا چیک کرنے والی ٹیم پر حملے کے بعد مختلف سکیورٹی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ لاہور میں محکمہ صحت اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے باضابطہ اجلاس میں طے پایا کہ آئندہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ روانہ ہوا کرے گی۔ دوسری جانب ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر تنویر نے نوائے وقت کو بتایا کہ لاہور میں ہونے والا یہ واقعہ توجہ طلب ہے اور تشویشناک بھی کیونکہ محکمہ صحت کی ہیلتھ ورکرز اور دیگر ٹیمیں صرف عوام میں شعور پیدا کرنے اور آنے والی نسلوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کیلئے کام کرتی ہیں۔ اس میں کسی خاندان یا شخص کو جذباتی ہونے کی ضرورت نہیں۔ ہم محکمہ صحت پنجاب کی ٹیموں کو ایک دوستانہ اور خوف سے پاک ماحول فراہم کرینگے۔