• news

وزارت منصوبہ بندی کی تشکیل نو کی منظوری‘ پاکستان‘ چین اکنامک کوریڈور دنیا کا مستقبل ہے: نوازشریف

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان چین اکنامک کوریڈور کو دنیا کا مستقبل قرار دیتے ہوئے مواصلات، ریلویز اور منصوبہ بندی کی وزارتوں کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنا ہوم ورک مکمل کریں تاکہ اس منصوبے پر عملدرآمد کے مرحلہ تک لے جایا جا سکے۔ وزیراعظم نے وزارت منصوبہ بندی کی تشکیل نو کی بھی اصولی منظوری دے دی۔ وزیراعظم نے وزارت مواصلات کی بریفنگ پر عدم اطمینان ظاہر کیا اور ہدایت کی کہ وزارت ایک ہفتہ کے اندر تیاری مکمل کرے اور انہیں دوبارہ بریفنگ دی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین اکنامک کوریڈور سے پسماندہ حصوں کے لئے ترقی، خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ اس سے بڑی آبادی کو ہائی وے اور ریلوے کے نیٹ ورک کے ذریعے منسلک کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے پاکستان چین اکنامک کوریڈور کو دنیا کا مستقبل قرار دیا جس سے چین جنوبی ایشیا وسطی ایشیا کی 3ارب کی آبادی مستفید ہو گی۔ وزیراعظم کو خنجراب سے گوادر تک ان حصوں کے بارے بتایا گیا جن کی معاشی کوریڈور کے حصہ کے طور پر تعمیر کی جانی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کام کے معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ حکام آبادی، منصوبے کے سماجی لاگت، آبادی کی منتقلی جیسے معاملات کو سامنے رکھ کر معاشی کوریڈور کے لئے متبادل تجاویز بھی تیار کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ لاہور اسلام آباد موٹر وے کو ماڈل کے طور پر لیا جائے۔ اس جیسے معیار کو برقرار رہنا چاہئے۔ وزیراعظم نے موٹر ویز اور سڑکوں کی بری حالت کا نوٹس لیا اور کہا کہ ہائی ویز اور سڑکوں کا نیٹ ورک اثاثہ ہے۔ اس کی مرمت کو ترجیح دی جائے۔ ہمیں اب تک متعدد موٹر ویز بنا لینی چاہئیں تھیں تاہم یہ باعث ملامت ہے کہ سڑکوں موٹر ویز کی ترقی ترجیح نہیں رہی ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر سخت ناپسندیدگی ظاہر کی منصوبے وقت پر مکمل نہیں ہوتے اور وقت پر منصوبے مکمل نہ کرنا قومی کردار بن چکا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپنی ترجیحات کے تعین اور درست سمت میں پیشرفت کے بغےر منزل حاصل نہیں ہو سکتی۔ ہمیں عوام کو ذہن میں رکھنا چاہئے۔ وزیراعظم نے بریفنگ پر بھی عدم اطمینان ظاہر کیا انہوں نے وزارت مواصلات کو ایک ہفتہ کا وقت دیا کہ وہ اپنا کام مکمل کرے اور فالو اپ بریفنگ کا اہتمام کرے۔ وزیراعظم نے مواصلات، ریلویز اور منصوبہ بندی کی وزارتوں کو حکم دیا کہ وہ پاکستان چین اکنامک کوریڈور کے چین کے ساتھ تعاون کو منصوبے میں عملدرآمد کے مرحلہ تک لے جانے کے لئے ہوم ورک مکمل کریں۔ وزیراعظم نے منصوبہ بندی و ترقیاتی ڈویژن کی تعمیر نو کی اصولی منطوری دی۔ تعمیر نو کے منصوبے کے تحت پلاننگ ڈویژن کو اعلیٰ پالیسی کی تیاری کے لئے تھنک ٹینک کا درجہ دے دیا جائے گا۔ وزارت منصوبہ بندی و ترقیاتی کا نیا نام منصوبہ بندی، ترقیات اور اصلاحات ڈویژن ہو گا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور دوسرے حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ چینی وزیراعظم کی ٹاسک فورس عید کے بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ پاک چین کوریڈور کے لئے چینی وزیراعظم نے ٹاسک فورس قائم کی تھی میں چاہتا ہوں پاکستان بھی بھرپور گرم جوشی کا اظہار کرے۔ ثناءنیوز کے مطابق خطے کی غیر معمولی اہمیت کی حامل مجوزہ کاشغر گوادر اقتصادی گزر گاہ کی تعمیر کو جلد ممکن بنانے کیلئے حکومت نے اہم فیصلے کئے ہیں تعمیراتی کام کے آغاز سے متعلق مختلف مراحل کو تیزی سے مکمل کیا جائیگا منصوبے کے تحت کاشغر خنجراب گوادر تک ریلوے ٹریک بچھایا جائیگا۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ تجارتی وکاروباری سرگرمیوں میں فروغ کیلئے ذرائع آمد و رفت کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا اقتصادی گزر گاہ کی تکمیل سے غیر معمولی معاشی استحکام متوقع ہے وزیراعظم نے اس امر کا اظہار گوادر کاشغر اقتصادی کوریڈور اور لاہور کراچی موٹر وے منصوبوں پر دی جانے والی بریفنگ کے دوران کیا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید، وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر ریلویز خواجہ محمد سعد رفیق خارجہ امورکے بارے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی متذکرہ منصوبوں میں پیش رفت کیلئے اہم نوعیت کے فیصلے کرتے ہوئے حکام کو قابل عمل رپورٹس کی جلد تیاری کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعظم نواز شریف نے نیشنل ہائی وے اور موٹر وے پر ناقص مرمت کا نوٹس لے لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے ذمہ داروں کے تعین کے لئے تحقیقات کا حکم دیا۔ وزیراعظم نے اسلام آباد میں 25ناقص فلٹریشن پلانٹس کی رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعظم نے چیئرمین سی ڈی اے کو کارروائی کی ہدایت کی اور ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو معطل کر دیا جبکہ سی ڈی اے کے ایک ڈائریکٹر کو شو کاز جاری کر دیا گیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن