الیکشن کمشن صدر کا انتخاب 19 یا 20 رمضان کو کرانے پر غور کرے: احسن اقبال
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + ثناءنیوز) وفاقی و زیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن صدر کا الیکشن 19 یا 20 رمضان کو کرانے پر غور کرے۔ صدارتی انتخابات 9 جولائی سے 9 اگست کے درمیان کسی بھی وقت کرایا جا سکتا ہے۔ الیکشن کمشن نے شیڈول کا اعلان کر کے رمضان کے آخری عشرے کے تقدس کا خیال نہیں رکھا۔ دریں اثناءایک انٹرویو میں منصوبہ بندی و ترقی کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت ڈرون حملوں پر سفارتی ذرائع سے قابو پا لے گی ۔ ڈرون گرانا ایک ایسے دیوانے کی بڑ ہے جو اس کے نتائج سے لاعلم ہے۔ امریکہ سے ٹکر لینے کے ہم متحمل نہیں ہو سکتے۔ ڈرون حملے رکوانے کا بہترین راستہ سفارتی ذرائع ہی ہیں۔ ہم عوام کو سابقہ حکومت کی طرح طفل تسلیاں ہی نہیں دیتے رہیں گے بلکہ اسے کچھ کر کے دکھائیں گے۔ منصوبے بنانا اور پالیسیاں تشکیل دینا ہی کافی نہیں بلکہ ان پر عملدرآمد ہی اصل کارکردگی ہے ۔ عوام بے صبری سے کام نہ لیں انشاءاللہ ہمارا کام ان کے سامنے آئے گا۔ ہم اپنے منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں یہ بات ضرور ہے کہ پیسوں کی کمی کی وجہ سے بعض منصوبوں پھر عملدرآمد میں رکاوٹ پیش آ رہی ہے ۔ ہم ایسا ماحول بنا رہے ہیں کہ نجی شعبہ زیادہ سرمایہ کاری کرے ہمارے منصوبوں کو آج دنیا بھی سراہ رہی ہے اور اس بات کی معترف ہے کہ ہم من پسند لوگوں کی بجائے اہل لوگوں کو آگے لا رہے ہیں۔ امن و امان کا قیام بنیادی ترجیح ہے امن و امان ہو گا تو سرمایہ کاری ہو گی سیاحت کو فروغ ملے گا۔ حکومت حالات پر قابو پانے میں ناکام ہے وفاقی حکومت کو بتائے۔ وفاقی حکومت بھی کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ ڈرون حملے ہمیں ورثے میں ملے ہیں۔ امریکہ سے بہہتر تعلقات ہی ہمارے وسیع تر ملکی و قومی مفاد میں ہے۔ امریکہ کوغلام بنانا اس کا غلام بننا دونوں راستے موزوں نہیں۔