کینیڈین کمپنی سے بائیو گیس منصوبہ کے لئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط ‘ خدمت کے نئے ریکارڈ بنائیں گے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب حکومت اور کینیڈا کی معروف کمپنی ہائی مارک بائیوگیس کے مابین بائیو گیس کا منصوبہ لگانے کے لئے گذشتہ روز ایوان وزیراعلیٰ میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ ہائی مارک بائیو گیس کمپنی کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر ایون کریپکو اور پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری توانائی عثمان باجوہ نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ معاہدے کے مطابق ہائی مارک بائیو گیس کمپنی پنجاب میں بائیو ماس گیس کا 22 میگاواٹ کا پائلٹ پراجیکٹ لگائے گی۔ منصوبے کو 6ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ شہباز شریف کے علاوہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہائی مارک بائیوگیس کمپنی مسٹر ایون کریپکو صوبائی وزیر توانائی شیر علی خان، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز توانائی، زراعت، اطلاعات، لوکل گورنمنٹ کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاکہ ہائی مارک بائیوگیس کمپنی اور پنجاب حکومت کے مابین بائیو گیس منصوبے کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط خوش آئند ہےں۔ پنجاب میں بائیو ماس اور بائیو گیس سے توانائی کے حصول کے وسیع مواقع موجود ہیں اور پنجاب حکومت ان مواقع سے بھر پور استفادہ کرے گی اور اس ضمن میں غیر ملکی سرماےہ کاروں او رکمپنیوں کے تجربات سے فائدہ اٹھا یا جائے گا تاکہ توانائی بحران میں جتنی جلدی ہو سکے کمی لائی جا سکے۔ پنجاب میں بائیو گیس کے منصوبے لگانے کے لئے بہت زیادہ پوٹینشل موجود ہے اور اس حوالے سے بائیو گیس کے منصوبوں کے لئے ایندھن کی بھی کمی نہیں۔ ہم نے انتہائی تیز رفتاری سے توانائی سیکٹر کے منصوبوں کو مکمل کرنا ہے او راس ضمن میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ قبل ازیں کینیڈا کی کمپنی ہائی مارک بائیو گیس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایون کریپکو نے ایوان وزیراعلیٰ میں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر محمد عمر غزنوی بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے کہاہے کہ اﷲ تعالیٰ کے فضل وکرم سے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو تاریخی مینڈیٹ ملاہے اور ہم نے آئندہ پانچ برس میں محنت، دیانت اور امانت کی نئی مثالیں قائم کرنا ہےں، آنے والے پانچ برسوں میں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے اور عوام نے جس تاریخی مینڈیٹ سے مسلم لیگ (ن) کو نوازا ہے اور جو امیدیں وابستہ کی ہیں ان پر ہر صورت پورا اتریں گے۔ بجلی کے بحران کا حل اولین ترجیح ہے او رتھانہ کلچر میں تبدیلی اور عوام کو فوری و سستے انصاف کی فراہمی کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔ پنجاب شفاف ترین صوبہ ہے کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اورگڈ گورننس کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ تاریخی فتح پر اﷲ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں او رعزم و ہمت سے ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ایوان وزیراعلیٰ میںگوجرانوالہ ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے کیا۔ شہبازشریف نے کہاکہ منتخب نمائندے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیںاور عوام کی امیدوں پر پورا اتریں، پٹوار کلچر کا 2014ءتک خاتمہ کر دیا جائے گا، اقتدار کی طاقت کمزوروں کو انصاف دلانے، بیواﺅں اور یتیموں کو حق دلانے، انصاف کا بول بالا اور جرائم کا خاتمہ کرنے کے لئے استعمال کرناہوگی۔ پارٹی میں مشاورت کے بعد جلد سے جلد بلدیاتی انتخابات کرائیں گے اور ایسا بلدیاتی نظام لائیں گے جس میں عوام بااختیار ہوں گے اور ان کے مسائل مقامی سطح پر ہی حل ہوں گے، ملک و قوم کو درپیش توانائی کے بحران نے قومی معیشت، صنعت، زراعت، تعلیم، صحت سمیت سماجی ترقی کے دیگر شعبوں کو ب±ری طرح متاثر کیا ہے۔ بجلی بحران کا خاتمہ بڑا چیلنج ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ انشاءاللہ ارکان اسمبلی ، ماہرین کی مشاورت اور شبانہ روز محنت سے عوام کو توانائی کے بحران سے نجات دلانے میں ضرور کامیاب ہوں گے، غربت کو خوشحالی اور دکھوں و آنسوﺅں کو خوشیوں میں بدلیں گے، سادگی، امانت، دیانت اور محنت کو شعار بنا کر تاریخ کا دھارا موڑا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ادویات کی روک تھام اور پانی چوری کاسوفیصد خاتمہ کریں گے۔ اس مقصد کے لئے جتنا بھی سخت فیصلہ کرنا پڑا،کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا عزم ہے کہ پنجاب کو دنیا کا مثالی صوبہ بنائیں گے۔ ملک کوسیاسی اور معاشی لحاظ سے مضبوط کریں گے۔ لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کا منصوبہ سال 2014ءمیں ہر صورت مکمل کر لیا جائے گا اور پنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ ہوگا جو لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گا۔ احتساب کا ایسا کڑا نظام لائیں گے کہ کوئی کرپٹ سزا سے بچ نہ پائے۔ توانائی کے بحران کا خاتمہ سب سے بڑا چیلنج ہے، ہم نے اس چیلنج کو قبول کیا ہے اور بجلی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے تمام وسائل فراہم کریں گے۔ بائیو ماس، بائیوگیس، ہائیڈل پاور، کوئلے اور دیگر سستے ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبوں پر تیزی سے عمل کریں گے۔ پنجاب حکومت نے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر بجلی اور گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاﺅن شروع کررکھا ہے اور میری قوم سے اپیل ہے کہ وہ اس قومی مہم میں حکومت کا بھر پور ساتھ دے۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی نے اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی سکیموں اور مسائل سے آگاہ کیا۔ بعض مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ نے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔