• news

بجلی کا بحران جاری‘ وہاڑی میں 8 گھنٹے تک دھرنا‘ گوجرانوالہ میں گرمی سے نوجوان ہلاک

لاہور (نمائندگان+ ایجنسیاں) صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں بجلی کا بحران گذشتہ روز بھی جاری رہا۔ بجلی کا شارٹ فال 4500میگاواٹ ہو گیا جس کے باعث شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10سے 12جبکہ دیہات میں 14سے 16گھنٹے رہا۔ نماز جمعہ کے اوقات میں بھی مساجد میں لوڈشیڈنگ کی گئی جس سے نمازیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سحر و افطار اور نماز تراویح کے دوران بھی لوڈشیڈنگ پر روزہ دار سراپا احتجاج بنے رہے، کئی شہروں میں پانی کی بھی قلت رہی جبکہ شدید گرمی کے باعث گوجرانوالہ میں ایک نوجوان دم توڑ گیا جبکہ متعدد افراد بیہوش ہو گئے جبکہ وہاڑی میں کسانوں اور شہریوں نے میلسی روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے 8گھنٹے تک دھرنا دیا۔ بھیرہ سے نامہ نگار کے مطابق بھیرہ اور گردونوا ح میں 16 گھنٹے تک کی بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق حکومتی دعوے دھر ے کے دھرے رہ گئے، پاکپتن میں سحرو افطار اور نماز تراویح کے دوران واپڈا کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری رہی۔ جہلم سے نامہ نگار کے مطابق جہلم اور اس سے ملحقہ علاقوں مےں جمعہ کے روز بھی بجلی کی لوڈشےڈنگ کا سلسلہ جاری رہا، عےن نماز جمعہ کی ادائےگی کے وقت 1سے 2بجے تک بھی بجلی بند رہی۔ علاوہ ازیں شہر اور ملحقہ علاقوں میں جمعہ کے روز شدید گرمی اور حبس سے روزہ دار نڈھال، متعدد مرد و خواتین بے ہوش ہو گئے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گرمی کی شدت نے 25سالہ نوجوان کو زندگی کی قید سے آزاد کر ڈالا۔ شریف پورہ کا رہائشی 25سالہ مقصود شدید گرمی کے باعث لوہیانوالہ نہر میں نہانے کیلئے گیا تھا جسے اسی دوران ”خونی قے“ آنے لگی جبکہ حالت غیر ہو جانے پر امدادی ٹیموں نے اسے ہسپتال پہنچایا مگر جانبر نہ ہو سکا۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف سینکڑوں شہریوں اور کسانوں نے وہاڑی میلسی روڈ پر احتجاج کیا اور 8 گھنٹے تک دھرنا دیکر روڈ کو بلاک کر رکھا۔ مظاہرین نے ٹائر جلاکر سڑک بلاک کر دی اور گاڑیوں پر پتھراﺅ بھی کیا ،کسانوں نے بتایا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ہمارے ٹیوب ویل بند ہو کر رہ گئے جس کی وجہ سے ہماری فصلیں تباہ ہو رہی ہیں۔ طویل مذاکرات کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے۔ بچیکی سے نامہ نگار کے مطابق واپڈا سب ڈویژن بچیکی اور اس کے گردونواح میں سحری اور افطاری میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری رہا اور لوڈ شیڈنگ18 گھنٹے تک پہنچ گئی۔ نماز جمعہ کے دوران بجلی بند ہونے سے نمازیوں کا ب±را حال ہو گیا۔ شدید گرمی اور حبس میں روزے داروں کو نماز جمعہ بند بجلی میں شدید حبس اور گرمی میں اد ا کرنی پڑی۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نارنگ منڈی و گردونواح میںافطاری سے آدھا گھنٹہ پہلے لوڈشیڈنگ کر دی گئی اور افطاری کے آدھے گھنٹے بعد بجلی آئی جس کے باعث ہزاروں شہری ٹیلی فون پر رابطہ کرکے افطاری کا وقت پوچھتے رہے اس طرح بڑی تعداد میں لوگوں نے افطاری تاخیر سے کی اور واپڈا کو کوستے رہے۔ شہری حلقوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن