بلوچ پارک میں تعمیرات سے متعلق رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کی جائے:سپریم کورٹ
کراچی(نوائے وقت نیوز) بلوچ پارک تجاوزات کیس کی سماعت سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کی گئی ۔سماعت کے دوران سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید عدالت میں پیش ہوئے۔محمد حسین سید نے عدالت میں اپنا معافی نامہ جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ان کو گزشتہ پیشی کا نوٹس وصول نہیں ہوا تھا جس کے باعث وہ عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔جسٹس انور ظہیر جمالی نے سماعت کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ بلوچ پارک تعمیر ات سے متعلق رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کی جائے۔اگر پارک پر تعمیرات ہورہی ہیں تو فوری طورپر رکوا دیں۔جسٹس انور ظہیر جمالی کا مزید کہنا تھا کہ پبلک پارک میں کسی قسم کی تعمیرات یا دفاتر برداشت نہیں کریں گے۔ایڈمنسٹریٹر کراچی ہاشم رضا زیدی نے عدالت میں عدم حاضری پر معافی نامہ جمع کرادیا جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ میرے دفتر میں نوٹس آیا مگر سٹاف نے مجھ تک نہیں پہنچایا وہ تسلیم کرتے ہیں کہ ان کی غلطی ہے جس پر وہ عدالت سے معافی مانگتے ہیں۔ عدالت نے معافی نامہ قبول کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی ہاشم رضا زیدی کے وارنٹ گرفتاری معطل کردئیے۔