• news

تفتیشی افسران کی حفاظت کے لئے نیب نے اسلام آباد میں سیف ہاوس خرید لیا

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) نے کرپشن کے بڑے مقدمات کے تفتیشی افسران کی محفوظ رہائش کے لئے وفاقی دارالحکومت کے پوش سیکٹر میں سیف ہا¶س خرید لیا۔ نیب کی جانب سے تمام ڈائریکٹرز کو ایک مراسلہ ارسال کیا گیا تھا جس میں دریافت کیا گیا تھا کہ ایسے تفتیشی افسران کے نام بتائے جائیں جو اہم مقدمات کی تفتیش کر رہے ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق 50 کے قریب تفتیشی افسران ہیں جبکہ 18 سے 20 انتہائی اہم نوعیت کے کیسز کی تفتیش کر رہے ہیں جن میں سے متعدد افسران کو سیف ہا¶س منتقل کر دیا گیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق رینٹل پاور کیس کے تفتیشی افسر کامران فیصل کی پراسرار موت کے بعد سابق چیئرمین نیب کی جانب سے تفتیشی افسران کی رہائش کے لئے سیف ہا¶س خریدنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ حال ہی میں نیب کے تفتیشی افسر اورنگزیب خان کے گھر کے باہر فائرنگ کی گئی تھی جس کے بعد اس سیف ہا¶س کی اشد ضرورت تھی۔ اس وقت نیب میں 18 بڑے کرپشن کے کیسز موجود ہیں جن میں رینٹل پاور، اوگرا، نیو ایئرپورٹ، بینکر سٹی، پی ڈبلیو ڈی، او جی ڈی سی ایل، پی ٹی سی ایل، پی ٹی اے سمیت دیگر کیسز شامل ہیں۔ کچھ کیسز کے تفتیشی افسران کو دھمکیاں بھی دی جا رہی تھیں جس کی وجہ سے ان افسران کو فوری طور پر سیف ہا¶س منتقل کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن