اتوار ‘ 11رمضان المبارک ‘ 1434ھ ‘ 21 جولائی2013 ئ
اتوار ‘ 11رمضان المبارک ‘ 1434ھ ‘ 21 جولائی2013 ئ
بھارت ایشیا کی ابھرتی قوت ہے نظر انداز نہیں کر سکتے : جوبائیڈن !
65 سال سے امریکہ بہادر کی خدمت ہم کر رہے ہیں جبکہ وہ ایشیا کی سپر پاور بھارت کو بنانے پر تُلا ہوا ہے۔ امریکہ شاید بھول چکا ہے کہ بھارت 55 سال تک سپر پاور روس پر فدا رہا لیکن جیسے ہی روس تسبیح کے دانوں کی طرح بکھرا تو بھارت نے بھی آنکھیں پھیر لیں اور سات سمندر پار جا کر امریکہ سے ہاتھ جوڑ لئے اور محبت کی پینگیں چڑھانا شروع کر دیں۔ اگر مستقبل قریب یا بعید میں آزادی کی تحریکیں امریکہ کا حال بھی روس جیسا کرتی ہیں تو بھارت دُم دبا کر پھر کسی سپر پاور کی خوشامد کرنا شروع کر دیگا اور امریکہ سے ایسے نظریں چُرائے گا جیسے آجکل روس سے چُرا رہا ہے۔
امریکہ افغانستان سے کوچ کرنے کیلئے ”پَر“ تول رہا ہے اور ساتھ ہی بھارت کو تھپکی دیکر افغانستان میں کردار سونپ رہا ہے لیکن دوسری طرف امریکی آرمی چیف جنرل کیانی سے ملاقات کر کے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے کردار ادا کرنے کی التجا کر رہے ہیں۔ جناب یاری ہم سے اور آنکھیں ہمارے دشمنوں سے لڑائی جا رہی ہیں۔ یہ دوغلا پن چھوڑ دیں، بھارت کے ساتھ آپ سول ایٹمی معاہدہ کر سکتے ہیں تو پاکستان کے ساتھ یہ معاہدہ کیوں نہیں ہو سکتا؟ تاریخ بتاتی ہے کہ بھارت کسی کے احسان کا قدردان نہیں رہا، کہیں ایسا نہ ہو کہ بھارت کل کلاں احسانات کے باوجود امریکہ سے رفوچکر ہو جائے اور پھر سے کہنا پڑے ....
لائی بے قدراں نال تے ٹُٹ گئی تڑک کر کے
امریکی حکام جس طرح بھارت پر واری جا رہے ہیں کل کو وہ انہیں اتنی جلدی ہی گُڈبائے کہنے سے گریز نہیں کرے گا۔
٭۔٭۔٭۔٭۔٭
ٹریفک وارڈن کو سی ٹی او کی گاڑی گزارنے کیلئے چلتی ٹریفک روکنا مہنگا پڑ گیا، معطل کر دیا گیا !
شاہ سے زیادہ شاہ کی نوکری کرنے کا رزلٹ سب نے دیکھ لیا لہٰذا ٹریفک وارڈن کو اعلیٰ افسران کی گاڑیوں کی ”ہو ہو“ سُن کر خرگوش کی طرح کان کھڑے کرنے سے باز رہنا چاہئے۔ افسران بالا اگر لائن میں نہیں کھڑے ہونگے تو انہیں عام شہری کی تکلیف کا احساس کیسے ہو گا لہٰذا پروٹوکول کی لعنت سے چھٹکارا پانے کیلئے تمام افسران سی ٹی او سہیل چودھری کی پیروی کریں۔ سی ٹی او صاحب مزید آنکھیں کھولیں‘ وارڈن انکی ہدایت پر ہی چالان کی بھرمار کرتے ہیں اور شریف شہریوں کی گاڑیاںاٹھا کر لے جاتے ہیں۔ کم از کم ایک وارننگ تو دیا کریں‘ کیا وارڈنز کی تنخواہ چالانوں سے پوری کرنی ہے؟ افسران بالا اگر اس بات کی نیت کر لیں کہ وہ نظام کو بہتر کرنا چاہتے ہیں تو 24 گھنٹے کے اندر محکموں میں گھسی کالی بھیڑیں سفید بن جائینگی اور معاملات بھی بہتر سے بہتر ہو جائینگے لیکن جس طرح عشق میں پہلی شرط اعتبار کی ہوتی ہے یہاں بھی پہلی شرط افسران بالا کا خود ٹھیک ہونا ہے اگر یہ ٹھیک ہو جائیں تو باقی چھان بورے جیسے مسائل خود بخود حل ہو جائینگے۔ افطاری کے وقت اب پہلے جیسی ٹریفک بلاک نہیں ہوتی اور بعض مقامات پر وارڈن افطاری بھی تقسیم کرتے ہیں۔ شیر شاہ سوری کا روپ دھارنے والے خادمِ پنجاب نے لاہور کو واقعی لاہور بنا دیا ہے ہم لفظ پیرس اس لئے نہیں بول رہے کہ گزشتہ روز بارش میں آدھے سے زیادہ لاہور ڈوب گیا تھا اور ٹریفک پانی میں ڈوب گئی تھی۔ ملتان روڈ کی تعمیر سے چوک یتیم خانے میں ٹریفک کا بہاﺅ ایسے بہتر ہو چکا ہے جیسے راوی میں پانی کا بہاﺅ ہے۔
٭۔٭۔٭۔٭۔٭
نجی ائر لائن کی پرواز مسافروں کا سارا سامان دبئی چھوڑ آئی، مسافروں کا شدید احتجاج !
خربوزے کو خربوزہ دیکھ کر رنگ پکڑتا ہے، یہ محاورہ تو سُن رکھا تھا لیکن اہل عملہ نااہل عملے کو دیکھ کر رنگ پکڑ لے یہ پہلی مرتبہ دیکھا ہے۔ پی آئی اے والے تو جگ ہنسائی کا مرکز تھے ہی اب نجی ائر لائن نے بھی انکی پیروی شروع کر دی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن شجاعت عظیم نے دعویٰ تو کیا ہے کہ پی آئی اے کروڑوں روپے بچائے گی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی اربوں کمائے گی۔ پی آئی اے کماﺅ پُتر بن جائیگی اور اسکی جگہ پُر کرنے کیلئے کوئی نہ کوئی کمپنی تو میدان میں آئیگی۔ اب مسافروں کو ذلیل کرنے کا ٹھیکہ نجی ائر لائن نے تو نہیں لے لیا، بس محکمے کو چلانے والے مخلص افراد ہونے چاہئیں۔ جب انسان محنت کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اسے پھل بھی دے دیتا ہے، محکمہ ریلوے ڈوب چکا تھا اسکی روزانہ کی آمدنی صرف 10 لاکھ روپے تھی لیکن باصلاحیت اور محنت شاقہ سے کام لینے والے وزیر ریلوے سعد رفیق نے بھاگ دوڑ کر صرف 40 دنوں میں ریلوے کی روزانہ کی آمدنی ایک کروڑ تک پہنچا دی ہے، سعد واقعی محکمہ ریلوے کیلئے خوش بخت ثابت ہوئے ہیں، اب تو انہیں صرف 40 دن ہوئے ہیں تو اتنی تبدیلی آ چکی ہے چار مہینوں میں تو وہ ریلوے کی کایا پلٹ دینگے۔ سٹیل ملز بھی کسی ایسے ہی محنت کش اور محبِ وطن انسان کے سپرد کرنی چاہئے تاکہ معاملات بہتر ہو سکیں۔
٭۔٭۔٭۔٭۔٭
عید کے بعد مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لوں گی : مِیرا کی والدہ کا اعلان !
مِیرا کی والدہ شفقت زہرہ نے عام انتخابات میں 425 ووٹ لیکر ضمانت ضبط کروائی تھی تب ہی اگر یہ مسلم لیگ (ن) میں آ جاتیں تو شاید مخصوص نشستوں پر ان کی بھی لاٹری نکل آتی تب انہیں شاید کوئی گھمنڈ تھا کہ وہ مخالف امیدوار کی ضمانت ضبط کروا دیں گی لیکن جب عوام میں آئیں تو انہوں نے ”مِیرا“ کا لحاظ کیا نہ ہی ان کے پیشے کا بلکہ سرعام انہیں اپنے کوچے سے رخصت کیا، تب مِیرا نے کہا ہو گا ....
بڑے بے آبرو ہو کر تیرے کوچے سے ہم نکلے
تب تو مسلم لیگ (ن) پر دھاندلی کا الزام لگایا جا رہا تھا، اب شفقت زہرہ اسی جماعت میں شمولیت کیلئے ”پَر“ تول رہی ہیں انکے کام بھی اپنی بیٹی کی طرح انوکھے ہیں۔ مِیرا نے حال ہی میں ایک پنجابی فلم بنائی ہے لیکن اس پنجابی فلم کی پروموشن کینیڈا اور امریکہ میں کر ڈالی ہے۔ وینا ملک کی طرح مِیرا کو بھی خبروں میں اِن رہنے کا ڈھنگ آگیا ہے۔ اب مِیرا کی گلابی انگلش سے کینیڈا اور امریکہ کے عوام بھی محظوظ ہوں گے۔