بھارتی فوج کے مظالم کیخلاف جماعت الدعوة کے مظاہرے جاری
لاہور (سٹاف رپورٹر) جماعة الدعوة پاکستان کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے مسجد میں گھس کر قرآن پا ک کی بے حرمتی اور نہتے کشمیریوں کی شہادتوںکے خلاف ہفتہ کوبھی مختلف شہروں و علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ اس سلسلہ میں فیصل آباد میں پریس کلب کے باہر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور بعدا زاں چوک گھنٹہ گھر تک ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میںپلے کارڈز، کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ شرکاءکی جانب سے بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کشمیریوں کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔ احتجاجی مظاہرہ اور ریلی سے امیر جماعةالدعوة فیصل آباد مزمل اقبال ہاشمی ، مولانا محمد بنیامن و دیگر نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران کشمیریوں کے حق میں آواز بلند نہیں کر سکتے تو ان کے زخموں پر نمک پاشی بھی مت کریں۔