• news

وزیر داخلہ آج کراچی میں امن و امان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرینگے

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان آج ایک روزہ دورہ پر کراچی پہنچیں گے۔ کراچی میں قیام کے دوران وہ امن و امان کے حوالے سے اداروں کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کے علاوہ گورنر، وزیراعلیٰ سندھ اور پیرپگاڑا سے الگ الگ ملاقاتیں کرینگے۔ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان مسلم لیگ ن کی سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کرینگے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے ملاقات کے دوران کراچی میں رینجرز سربراہ تبدیل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تو وفاقی حکومت کراچی میں رینجرز سربراہ کو تبدیل کر دے گی۔ وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ کراچی امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے وفاقی حکومت سندھ حکومت سے بھرپور تعاون کرے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں لیاری کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے وفاقی حکومت سندھ حکومت سے بھرپور تعاون کریگی۔ ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں لیاری کی صورت اور کچھی برادری کی نقل مکانی، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ، کراچی میں مقیم غیرقانونی تارکین وطن، غیرقانونی اسلحہ، شدت پسندوں کی سرگرمیوں، منشیات سمیت تمام امور پر بات کی جائے گی۔ وزیر داخلہ کے دورہ سے قبل سیکرٹری داخلہ بھی کراچی کا دورہ کر چکے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ نے وزیراعظم میاں نواز شریف کی جانب سے لیاری کی کچھی برادری کی نقل مکانی بارے نوٹس لیا تھا اور اس معاملے کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی جس پر سیکرٹری داخلہ نے اپنی رپورٹ پیش کی تھی۔ چودھری نثار علی خان کا وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے کے بعد کراچی کا پہلا دورہ ہے۔ یاد رہے وہ وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی جا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن