الیکشن کمشن پنجاب نے بلدیاتی انتخابات کےلئے اخراجات کا تخمینہ لگانا شروع کر دیا
لاہور (ثناءنیوز) الیکشن کمشن پنجاب نے صوبہ میں بلدیاتی انتخابات کے لئے ہونے والے اخراجات کا تخمینہ لگانا شروع کر دیا۔ پنجاب حکومت سے خصوصی گرانٹ کا مطالبہ کیا جائے گا نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب حکومت یہ اخراجات بروقت ادا کر سکتی ہے۔ سپریم کورٹ صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے کیس کی سماعت کر رہی ہے اور عدالت عظمی کا کہنا ہے کہ انتخابات ستمبر میں کروائے جائیں جبکہ عدالت کی جانب سے آج پیر کو اس بارے میں کوئی فیصلہ متوقع ہے پنجاب حکومت دسمبر میں انتخابات کا انعقاد چاہتی ہے۔ دوسری جانب الیکشن کمشن پنجاب نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے اخراجات کے تخمینے لگانے شروع کر دیئے ہیں یہ اخراجات پنجاب حکومت ادا کرے گی۔ تاہم پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے لئے بجٹ میں کوئی رقم نہیں رکھی تاہم پنجاب حکومت کسی اور مد سے یہ رقم ادا کرنا چاہتی ہے۔ پنجاب حکومت ذرائع کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے مسودہ قانون رمضان المبارک میں ہی اسمبلی اجلاس میں منظور کروایا جائے گا اور الیکشن کمشن پنجاب کو درکار تمام رقم فراہم کی جائے گی اس کے لئے بجٹ میں رقم ہونا ضروری نہیں ہے۔