• news

نئے آرمی چیف کی تقرری پر غور شروع لیفٹیننٹ جنرل راشد محمود کا انتخاب ہوسکتا ہے: ذرائع

اسلام آباد (اے این این) چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی سبکدوشی کا وقت قریب آگیا ہے اور وزیراعظم نوازشریف نے نئے آرمی چیف کی تقرری پر غور شروع کردیا ہے۔ اس سلسلے میں شہبازشریف اور چودھری نثار معاونت کررہے ہیں۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نوازشریف کو نئے آرمی چیف کے تقرر کا اہم ترین فیصلہ درپیش ہے۔ رپورٹ کے مطابق نوازشریف کو اس مرتبہ زیادہ سخت انتخاب کا سامنا ہے کیونکہ سنیارٹی کے لحاظ سے لیفٹیننٹ جنرل ہارون اسلم، لیفٹیننٹ جنرل راشد محمود اور لیفٹیننٹ جنرل راحیل شریف کے نام پیش کئے جائیں گے۔ نواز شریف کے قریبی ذرائع کے حوالے سے بتایاگیا ہے اس مرتبہ لیفٹیننٹ جنرل راشد محمود کا انتخاب ہوسکتا ہے جنہیں اسی سال چیف آف جنرل سٹاف بنایا گیا۔ لیفٹیننٹ جنرل راشد محمود کا تعلق لاہور سے ہے اور وہ کورکمانڈر لاہور اور سابق صدر رفیق تارڑ کے ملٹری سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں۔ جنرل کیانی کی طرح انکا تعلق بھی بلوچ رجمنٹ سے ہے۔ نوازشریف نے اپنے پہلے دور حکومت میں جنرل عبدالوحید کاکڑ اور دوسرے دور حکومت میں جنرل پرویز مشرف کو آرمی چیف بنایا تھا اور دونوں نے بعد میں انکی حکومت ختم کردی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن