• news

پنجاب بھر کی صنعتوں کےلئے گیس کی فراہمی کا طریق کار تبدیل کرنے کا فیصلہ

لاہور( این این آئی) پنجاب بھر کی صنعتوں کےلئے گیس فراہمی کا طریق کار تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ،ہفتہ میں ڈھائی دن (60) گھنٹے کی بجائے ہر روز 8 گھنٹے یا تسلسل کے ساتھ کوٹہ کے مطابق 7 دن ہی گیس فراہم کرنے کا شیڈول تیار کیا گیا ہے۔نئے شیڈول پر عملدرآمد آئندہ 24 گھنٹوں میں وزیراعظم کی منظوری کے بعد شروع کر دیا جائیگا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے پنجاب کی صنعتوں کو ہفتہ میں ساڑھے چار دن گیس بند رکھنے کا سختی سے نوٹس لیا اور اس معاملہ کو آج تک ہر صورت میں صنعتکاروں کی مشاورت سے حل کرنے کی ہدایت کی۔ذرائع کا دعوی ہے کہ پنجاب کے صنعتی شہروں لاہور، شیخوپورہ اور ساہیوال کو ہفتہ میں ڈھائی دن (60گھنٹے) کی بجائے روزانہ 8سے 9گھنٹے یعنی زیادہ سے زیادہ 63گھنٹے کے فارمولے کے تحت گیس فراہم کی جائیگی۔نئے پلان کے تحت فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ ، ملتان اور راولپنڈی کی صنعتوں کو گیس ہر روز ملے گی اور پریشر بھی کم نہیں ہو گا مگر اس کا ہفتہ وار کوٹہ مقرر کر دیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن