شاہ زین ‘ گہرام سمیت بگٹی مہاجرین کو ڈیرہ بگٹی واپس جانے کی اجازت دے دی گئی
اسلام آباد (آئی این پی) وزارت داخلہ کی جانب سے نواب اکبر بگٹی کے پوتوں نوابزادہ شاہ زین بگٹی، نوابزادہ گہرام بگٹی و دیگر بگٹی مہاجرین کو ڈیرہ بگٹی جانے کےلئے پروانہ راہداری مل گیا ، آج پیر کو پریس کانفرنس میں روانگی کی تاریخ کا اعلان کردیں گے، بگٹی مہاجرین کی اسلام آباد سے روانگی 24 یا25 جولائی کو متوقع ، اسلام آباد سے میڈیا ٹیم کو بھی ساتھ لیکر جائیں گے ۔ ذرائع سے معلوم ہو اہے کہ گزشتہ تقریباً تین ماہ سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے دھرنا دیکر بیٹھے بگٹی مہاجرین او رانکے قائدین کی بحفاظت ڈیرہ بگٹی واپسی کےلئے وزارت داخلہ نے بلوچستان کی صوبائی حکومت ، آئی جی ایف سی ، آئی جی پولیس (بلوچستان) اور ڈیرہ بگٹی کی ضلعی انتظامیہ کو خط لکھا ہے کہ بگٹی مہاجرین کی اپنے گھروں کو واپسی کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالی اور نہ ہی کسی قسم کی رجسٹریشن یادیگر ہتھکنڈوں کے ذریعے ان کے اوپر پابندیاں لگانے کی کوشش کی جائے اور نواب اکبر بگٹی (مرحوم) کے لواحقین سمیت تمام بگٹی مہاجرین کی گھروں کو واپسی کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں ۔ واضح رہے کہ نواب اکبر بگٹی (مرحوم) کے پوتے نوابزادہ گہرام بگٹی آج پیر کو اس حوالے سے پریس کانفرنس کے ذریعے میڈیا کو تمام صورتحال سے آگاہ کریں گے اور بگٹی مہاجرین کی اسلام آباد سے روانگی کی تاریخ دیں گے۔ پنجاب اور سندھ کے اضلاع میں مقیم ہزاروں بگٹی مہاجرین راجن پور اور کشمور میں قافلے میں شریک ہوں گے۔