”کرپشن اور اقربا پروری نے سٹیل ملز کو دیوالیہ کردیا“
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سے پاکستان اسٹیل مل پاسلو ایمپلائز یونین کے صدر حاجی خان لاشاری نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے سٹیل ملز کی تیزی سے گرتی ہوئی پیداواری صلاحیت اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا اور لیاقت بلوچ سے اسٹیل ملز کو مالی بحران سے نکالنے کے لیے حکومتی سطح پرآواز اٹھانے کی اپیل کی۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان اسٹیل ملز قومی سرمایہ ہے اور ملک میں اسٹیل ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور منافع بخش ادارہ رہاہے لیکن ماضی کی حکومتوں کی کرپشن ، اقرباپروری ، لوٹ کھسوٹ نے اسے دیوالیہ کر کے رکھ دیا۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملکی صنعت و پیداوار کے اس قومی ادارہ کو اپنے پاﺅں پر کھڑاکرنے اور اس کی انتظامی و مالی امور کی بحالی، اسٹیل ملز کے ملازمین کے مسائل کے حل اورا سٹیل ملز کی نج کاری کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ملک کا منافع بخش اور قابل فخر ادارہ تباہی کے دہانے پر پہنچانے کی ذمہ دار پیپلز پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتیں ہیں۔ حکومت کا فرض بنتاہے کہ وہ اسٹیل ملز کو خسارے میں پہنچانے کے ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لائے اور ا سے دوبارہ اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کے لیے بیل آﺅٹ پیکیج پر مکمل عملدرآمد کیساتھ ساتھ چیک اینڈ بیلنس کا نظام بھی وضع کرے۔ انہو ں نے کہاکہ اسٹیل ملز کی ری سٹرکچنگ کر کے اہل اور دیانتدار افراد کو انتظامی پوسٹوں پر تعینات کیا جائے تاکہ یہ قومی ادارہ جلد منافع بخش ادارہ بن کر ملکی معیشت کو بام عروج پر پہنچا سکے۔