بھارت کے ساتھ مذاکرات پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے: شاہ محمود قریشی
لاہور (آئی این پی) تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے حکومت بھارت کے ساتھ مذاکرات کے معاملے پر فوری پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے۔ مسلم لیگ (ن) کو ڈرون حملے روکنے کے اپنے انتخابی نعرے پر عمل کرنا ہوگا۔ دہشت گردی کے خاتمے سمیت قومی پالیسی کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات غیرجماعتی نہیں جماعتی بنیادوں پر کروائے جائیں۔ حکومت تاحال لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور دیگر مسائل حل کرنے میں ناکام ہے۔ اتوار کے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف قومی اسمبلی میں حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے اور جہاں بھی حکومت ملکی اور عوامی مفادات سے ہٹ کر کوئی کام کریگی ہم اسکی شدید مخالفت کرینگے۔