رنگ محل ‘ شاہ عالم مارکیٹ میں تجاوزات کی بھرمار ‘ جگہ جگہ پارکنگ سٹینڈ
لاہور (خبرنگار) تجاوزات نے رنگ محل اور شاہ عالمی کے مکینوں کی زندگی اجیرن کر دی۔ صبح سے شام تک ٹریفک جام رہنے سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہو گیا۔ تاجروں نے برآمدوں کے بعد فٹ پاتھوں اور سڑک پر بھی قبضہ جما لیا۔ لڑکوں اور خصوصاً طالبات کا برآمدوں سے گزرنا مشکل بنا دیا۔ دکانداروں کے ملازم معصوم بچیوں پر فقرے کسنے لگے جس کی وجہ سے بچیوں اور طالبات کو سڑک پر ٹریفک کے درمیان سے گزرنا پڑتا ہے۔ علاقہ مکینوں کے لئے جنازہ قبرستان تک لے جانا مشکل بنا دیا گیا۔ انجمن تاجران انسانی حقوق رنگ محل کے صدر عادل جاوید بٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ رنگ محل تا شاہ عالمی مارکیٹوں سے تجاوزات ختم کی جائے اور ٹریفک کا انتظام ٹھیک کیا جائے خاص طور پر آج کل رمضان المبارک میں ٹریفک کا برا حال ہے۔ ٹریفک اپنی مدد آپ چل رہی ہے وارڈنز ڈیوٹیوں سے غائب رہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کی 1997ءکی حکومت نے تجاوزات کا خاتمہ کیا تھا2008ءمیں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا تھا کہ اندرون شہر کو پرانی والی حالت میں لایا جائے گا لیکن 5 سال گزرنے کے باوجود کچھ نہ ہوا اور اب پھر حکومت آچکی ہے لیکن تجاوزات کا خاتمہ نہ ہوسکا۔ بلکہ اور زیادہ تجاوزات قائم ہوگئی ہےں شاہ عالم مارکیٹ سے لے کر رنگ محل تک جگہ جگہ تجاوزات، موٹر سائیکل سٹینڈز بنائے ہوئے ہیں۔ موٹر سائیکل سٹینڈز والوں کا کہنا ہے کہ ٹھیکہ کارپوریشن سے منظور شدہ ہے۔ لیکن موٹر سائیکل سٹینڈز سڑک کے اوپر اور مشن ہائی سکول کے سامنے بنائے گئے ہیں۔ تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک مسلسل جام رہتی ہے دی پوائنٹ کار پارکنگ پلازہ عوام کی سہولت کیلئے بنایا گیا ہے دکانداروں نے پوری سڑک پر قبضہ جمایا ہوا ہے اس پارکنگ پلازہ کے ساتھ دکانداروں نے اپنا سامان رکھنے کے ساتھ موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی پارکنگ کی ہوئی ہے جس سے سکول کے بچوں، بچیوں ان کے والدین اور ایمبولینس کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے رہائشیوں کے گھروں کے باہر لوگوں نے پارکنگ بنا رکھی ہے رنگ محل اور شاہ عالم مارکیٹ کے برآمدوں میں لوگوں کے پیدل چلنا بھی دشوار ہو گیا ہے اس پر بھی تاجر برادری نے قبضہ جمایا ہوا ہے اگر خدا نخواستہ یہاں پر کوئی حادثہ ہو جائے تو مریض کوہسپتال لے جانا مشکل ہو جاتا ہے ٹریفک کا اتنا برا حال ہے اور اگر کوئی یہاں پر کوئی فوتگی ہو جائے تو جنازہ کیلئے بھی جگہ نہیں ہے یہ حلقہ حمزہ شہباز شریف کا ہے لیکن یہاں پر کوئی انتظامیہ عمل درآمد نہیں کرتی ہماری وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے اپیل ہے کہ اس علاقے کو تجاوزات سے پاک کر کے ان کے مسائل حل کئے جائیں۔