• news

ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ کا صدارتی انتخاب رکوانے کیلئے درخواست کی سماعت سے انکار

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس ناصر سعید شیخ اور مسٹر جسٹس شاہد وحید پر مشتمل ڈویژن بنچ نے صدارتی انتخابات رکوانے کیلئے دائر متفرق درخواست کی سماعت سے انکار کرتے ہوئے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا تاکہ اسے اس نوعیت کی اپیل کی سماعت کرنے والے ڈویژن بنچ یا لارجر بنچ کو بھیج دیا جائے۔ فاضل عدالت نے سماعت کی تو درخواست گذار نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے غیر آئینی طور پر صدارتی انتخابات کے رولز کی شق پانچ میں ترمیم کر کے صدارتی امیدواروں پر آئین کے آرٹیکل 63 کے اطلاق کو ختم کر دیا تھا۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ صدارتی امیدوار کی نااہلی کی شق ختم کرنے سے دوہری شہریت، جعلی ڈگری ہولڈر اور ٹیکس نادہندہ امیدوار بھی عہدہ صدارت پر براجمان ہو سکتا ہے لہٰذا عدالت آئین کے آرٹیکل تریسٹھ کی تشریح اور اس حوالے سے عدالتی فیصلہ آنے تک صدارتی انتخاب روکنے کا حکم دے۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت عالیہ کا دو رکنی بنچ پہلے ہی اس کیس کی سماعت کرتے ہوئے اس معاملے پر لارجر بنچ تشکیل دینے کی سفارش کر چکا ہے۔ عدالتی فیصلے کی روشنی میں یہ بنچ متفرق درخواست کی سماعت نہیں کر سکتا۔ 

ای پیپر-دی نیشن