• news

کوئٹہ : فائرنگ میں ہزارہ برادری کے 2 افراد جاں بحق ۔۔ چمن میں بم دھماکہ دو افراد مارے گئے

کوئٹہ+چمن (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں فائرنگ سے ہزارہ برادری کے 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ پیر کو کوئٹہ کے علاقے قندھاری بازار میں نامعلوم مسلح افراد نے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں گاڑی پر فائرنگ کرکے 2 افراد رمضان علی اورشاکر اللہ کو ہلاک جبکہ 2 راہگیرو ں شیر زمان اور اسلم جان کو زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ ہلاک ہونیوالے دونوں افراد کا تعلق اہل تشیع (ہزارہ کمیونٹی) سے ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں باب دوستی کے قریب کسٹم ہاﺅس کے قریب بم دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے ایک مسجد کو بھی نقصان ہوا۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ دھماکے بعد سکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لےا اور پاک افغان سرحد کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بندکردیا۔ دھماکہ کسٹم ہاﺅس کے قریب کھڑی موٹر سائیکل کے ذریعے کیا گیا جبکہ دوسرا دھماکہ لیویز لائن کے قریب ہوا۔ دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں ڈیرہ بگٹی کے علاقے سے لیویز فورس نے 3افراد کی گولیوں سے چھلنی نعشیں قبضے میں لے لیں۔ لیویز کے مطابق پیر کو خفیہ اطلاع ملنے پر لیویز کے عملے نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے سنگیلہ سے 3 افراد کی گولیوں سے چھلنی نعشیں قبضے میں لیکرہسپتال پہنچا دیں جن کی شناخت امیر حمزہ بگٹی، عبدالحق اور واحد بگٹی کے نام سے ہوئی ہیں۔ ادھر بلوچستان کے علاقے تربت میں نامعلوم افرادنے فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک جبکہ دوسرے کو زخمی کردیا۔علاوہ ازیں چمن لیویز کے عملے نے ایک مبینہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن