اکتوبر سے بجلی مہنگی کرنے کا اصولی فیصلہگھریلو نرخ 5.79 سے 14روپے کرنے کی تجویز منظوری آج دی جائیگی
اسلام آباد (اے این این) حکومت نے اکتوبر سے بجلی کے نرخ بڑھانے کا اصولی فیصلہ کر لیا۔ گھریلو صارفین کیلئے بجلی کا کم سے کم نرخ 5 روپے 79 پیسے سے بڑھا کر14 روپے تک کرنے کی تجویز ہے جبکہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنیوالے گھریلو صارفین کو اضافے سے مستشنی قرار دیا گیا ہے صنعتی صارفین کیلئے بجلی کے نرخ 8 روپے 22 پیسے سے بڑھا کر تقریباً 19 روپے تک کرنے کی تجویز ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق بجلی کے نرخوں میں اضافے کی منظوری (آج) مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں دی جائیگی۔ نرخوں میں اضافے پر سندھ، خیبر پی کے سمیت تمام فریقین کو اعتماد میں لیا جائیگا۔ حکومت کی جانب سے بجلی پر دی جانے والی سبسڈی واپس لینے کے باعث اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ حکومت نے آئی ایم ایف سے جو قرضہ لیا ہے اس میں بجلی کی قیمتیں بڑھانے، اس پر سبسڈی کو مرحلہ وارختم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا تھا۔