کیٹ میڈلٹن بیٹے کی ماں بن گئی برطانیہ کو تیسرا ولی عہد مل گیا
لندن (نوائے وقت رپورٹ) برطانیہ کے شاہی خاندان کو جس خوشخبری کا انتظار تھا وہ گھڑی آ گئی۔ برطانیہ تیسرا ولی عہد پیدا ہو گیا۔ کیٹ میڈلٹن بیٹے کی ماں بن گئیں۔ ملکہ برطانیہ کی یہ خواہش بھی پوری ہوگئی کہ انکے چھٹیوں پر جانے سے پہلے خوشخبری ہوجائے۔ شہزادہ ولیم بیٹے کے باپ بن گئے جبکہ شہزادہ چارلس دادا ملکہ برطانیہ پڑدادی بن گئیں۔ نومولود برطانوی وقت کے مطابق 4 بجکر 24 منٹ پر پیدا ہوا۔ اسکا وزن 8 پاﺅنڈ 6 اونس ہے۔ کیٹ میڈلٹن کی صحت بہتر ہے۔ وہ آج ہسپتال میں رہیں گی۔ بچے کی پیدائش کا سنتے ہی ہسپتال کے باہر موجود برطانوی عوام نے خوشی کا نعرہ لگایا۔ ترجمان برمنگھم پیلس کے مطابق ملکہ ایلزبتھ اور شہزادہ فلپ پڑپوتے کی پیدائش پر خوش ہیں جبکہ دادا شہزادہ چارلس نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔ بچے کی پیدائش سینٹ میری ہسپتال میں ہوئی۔ بچے کو پیدائش کے بعد بکنگھم پیلس بھجوا دیا گیا تاکہ اسے ملکہ برطانیہ کو دکھایا جاسکے۔ بچے کے نام کا اعلان اس وقت کیا جائیگا جب رائل فیملی ہسپتال سے جائیگی۔ بچے کی پیدائش کا نوٹیفکیشن جس گاڑی میں لے جایا گیا، لوگ دیوانہ وار اس گاڑی کے ساتھ چمٹے رہے۔ شہزادہ چارلس کا کہنا ہے کہ وہ دادا بننے پر بہت فخر اور خوشی محسوس کررہے ہیں۔ تیسرے ولی عہد کی پیدائش کی خبر سنتے ہی ملک بھر میں جشن منایا گیا۔ برطانوی وقت کے مطابق پیدائش سہ پہر 4 بجکر 24 منٹ پر ہوئی۔