• news

بگٹی کیس : مشرف کو اب تک گرفتار کیوں نہیں کیا : بلوچستان ہائیکورٹ

کوئٹہ( بیورو رپورٹ +آئی اےن پی+ثناءنیوز) بلوچستان ہا ئی کورٹ کے جسٹس غلام مصطفےٰ مینگل اور جسٹس نعیم افغان پر مشتمل ڈویژن بنچ نے ریمارکس دیئے ہیں سابق صدر پرویز مشرف کو اب تک گرفتارکر کے عدالت میں کیوں پیش نہیں کیا جا رہا ، کسی بھی شخص کو سیکورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ دار ی ہے، کر ائمز برانچ کیس کی تحقیقات مکمل کر کے چالان عدالت میں پیش کرے، جس کے بعد عدالت کیس کا فیصلہ کر ے گی۔ پیر کو یہ ریمارکس بنچ نے سابق صدر جنر ل (ر) پرویزمشرف کے وکیل الیاس صدیقی کی جا نب سے دائر کردہ آئینی درخواست کے سما عت کے دوران دئیے، سما عت کے دوران پرویز مشرف کے وکیل نے موقف اختیار کیا ان کے موکل کا نواب اکبر بگٹی قتل کیس سے کو ئی تعلق نہیں کیونکہ سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام محمد یوسف (مرحوم) کی حکومت کا تحریری بیان اس با بت بطور ثبوت موجود ہے انہوں نے مذکورہ بیان کی کا پی عدالت میں پیش کی، جس میں وفاقی حکومت سے ضلع ڈیرہ بگٹی میں امن وامان کی بحالی کے لئے فورسز تعینات کرنے کی درخواست کی گئی تھی، پرویز مشرف کے وکیل نے کہا پرویز مشرف اُس وقت صدر مملکت تھے، عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنر ل سے استفسار کیا سابق صدر کو اب تک گرفتار اور عدالت میں کیوں پیش نہیں کیا جا رہا ہے، جس پر انہوں نے بتایا بلوچستان میں امن وامان کی خراب صورتحال اور سکیورٹی وجوہات کی بناءپر پرویز مشرف کو کو ئٹہ نہیں لایا جاسکتا جس پر بنچ کے ججز نے ریمارکس دئیے کسی بھی شخص کو سکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ دار ی ہے، نواب بگٹی قتل کیس کے وکیل سہیل راجپوت نے مشرف کو ضمانت دینے کی مخالفت کی اور کہا پرویز مشرف بلوچستان کی حکومت کی تحویل میں ہی نہیں اس لئے ان کی درخواست خا رج کی جا ئے، عدالت نے کر ائمز برانچ کے حکام کی جانب سے مشرف سے کی گئی تحقیقات مکمل کر کے چالان عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا اس کے بعد عدالت اس کیس کا فیصلہ کر ے گی۔ ثناءنیوز کے مطابق نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں پرویز مشرف کی درخواست ضمانت پر بلوچستان ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا تاہم عدالتی فیصلہ سنانے کے بارے میں بینچ نے کوئی تاریخ نہیں دی، بینچ نے کرائم برانچ کی جانب سے اکبر بگٹی قتل کیس میں مشرف سے کی گئی تفتیش کو غیر تسلی بخش قرار دیا اور اظہار برہمی کیا عدالت نے استفسار کیا تحقیقاتی ٹیم نے اتنے بڑے کیس کی تفتیش کو کیسے ایک روز میں مکمل کرلیا پرویز مشرف کے جوڈیشل ریمانڈ کی درخواست کیوں کی پولیس ریمانڈ لینا چاہیے تھا تاکہ مزید کچھ حقائق سامنے آتے کیا ٹیم پر کو ئی دباﺅ تھا کرائم برانچ کی ٹیم سوالوں کا کوئی واضح جواب دینے سے قاصر رہی عدالت نے حکم دیا تحقیقاتی ٹیم دوبارہ پرویز مشرف سے تفتیش کرے اور پھر کیس کا چالان عدالت میں پیش کرے۔

ای پیپر-دی نیشن