• news

آئی سی سی ویمن ورلڈ ٹی 20 کوالیفائرز آج شروع ہوگا

ڈبلن (اے پی پی) آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی 20 کوالیفائرز آج منگل سے آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں شروع ہوگا۔ 31 جولائی تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، تھائی لینڈ، ہالینڈ اور زمبابوے کی ویمن ٹیمیں شامل ہیں، گروپ بی میں میزبان آئرلینڈ ، جاپان ، کینیڈا اور سری لنکا کو رکھا گیا ہے۔ افتتاحی روز چار میچ کھیلے جائیں گے، پہلا میچ آئرلینڈ اور جاپان، دوسرا ہالینڈ اور زمبابوے، تیسرا کینیڈا اور سری لنکا جبکہ چوتھا پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں ہر ٹیم تین گروپ میچ کھیلے گی۔ آئی سی سی کے مطابق ٹورنامنٹ کی فاتح، رنر اپ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم آئندہ سال بنگلہ دیش میں ہونے والے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کےلئے کوالیفائی کرے گی۔ میگا ایونٹ 16 مارچ سے 6 اپریل تک کھیلا جائے گا جس میں دس ٹیمیں شرکت کریں گی۔

ای پیپر-دی نیشن