ایشیاکپ کی تیاری کیلئے قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع
لاہور (سپورٹس رپورٹر) ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری کے لئے پاکستان ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لاہور میں باقاعدہ شروع ہو گیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کیمپ میں بلائے گئے کھلاڑیوں میں سے صرف حسیم خان نے کیمپ میں رپورٹ نہیں کی جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ جلد کیمپ کو جوائن کر لیں گے۔ اس موقع پر نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اختر رسول نے کہا کہ ہاکی ورلڈ لیگ میں ناکامی کا افسوس ہے جس کا داغ ایشیا کپ جیت کو دھونا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2014ءکا عالمی کپ ہمارا ہدف ہے جس میں کوالیفائی کرنے کے لئے ایشیا کپ میں کامیابی ضروری ہے لہٰذا لاہور میں لگائے جانے والے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی خامیوں کو دور کرنے کے لئے آل آ¶ٹ جائیں گے۔ ہم اﷲ تعالیٰ سے بھی مدد مانگیں گے کہ وہ پاکستان ہاکی کو اپنے اہداف حاصل کرنے میں مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے سینئر کھلاڑی وسیم احمد اور راشد محمود انجری مسائل سے نجات پا گئے ہیں امید کی جاتی ہے کہ ایشیا کپ میں ہماری کھلاڑی قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ اس موقع پر ٹیم کے کپتان محمد عمران نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ہاکی ورلڈ لیگ میں کھلاڑی انجری اور فٹنس مسائل سے دوچار تھے تاہم ایشیا کپ میں کامیابی کے لئے تمام کھلاڑی پُرجوش اور پُرامید ہیں کہ وہ کامیابی حاصل کریں۔ ایم عمران کا کہنا تھا کہ تربیتی کیمپ میں ٹیم کی خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کی جائے گی، خاص طور پر مسنگ پر کام کیا جائے گا تاکہ کھلاڑی حریف ٹیموں کے خلاف گول کر سکیں۔