پی سی بی کا اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل کرنے کا فیصلہ
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا آئینی معاملات پر بات چیت کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ۔ پی سی بی کے وکلاء آئندہ ہفتے انٹرا کورٹ اپیل دائر کریں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلے میں نجم سیٹھی کے عہدے کو عبوری چیئرمین سے قائم مقام چیئرمین کرتے ہوئے ان کے اختیارات کو محدود اور 4 جولائی کے بعد کے اقدامات کو کالعدم قرار دیا گیا، ساتھ ساتھ 18 اکتوبر سے قبل الیکشن کمشن آف پاکستان کے زیر اہتمام چیئرمین پی سی بی کے الیکشن کرانے کی ہدایت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی اپنے دو روزہ قیام کے دوران وزیراعظم میاں محمد نوز شریف سے ملاقات کے دوران انہیں پی سی بی کے موجودہ صورتحال کے بارے میں بھی بریفنگ دیں گے۔ عدالت میں اپیل دائر کرنے کے حوالے سے پی سی بی کے وکیل تفضل رضوی نے کہا کہ بورڈ کو باضابطہ طور پر تفصیلی فیصلہ نہیں ملا، لیکن میڈیا رپورٹس سے جو باتیں سامنے آئی ہیں اس کے تحت اپیل کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔