• news

ایشین ویمن ہاکی چیلنج کپ کیلئے تربیتی کیمپ کل شروع ہو گا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی ویمن ہاکی ٹیم کے کوچ محمد عثمان نے کہا ہے کہ پہلے ایشین ویمن ہاکی چیلنج کپ ٹورنامنٹ کی تیاری کے سلسلہ میں لگائے جانے والے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی خامیوں کو دور کرکے ان پر قابو پایا جائے گا اور پینلٹی کارنر، ڈیفنس کے شعبہ اور کمبی نیشن بنانے پر زور دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ کل بدھ سے نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ ایشین ویمن ہاکی چیلنج کپ ٹورنامنٹ یکم سے 8 ستمبر تک تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں کھیلا جائے گا جس میں چھ ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان سمیت میزبان تھائی لینڈ، سنگاپور، سری لنکا، کمبوڈیا اور میانمار کی ٹیمیں شامل ہیں، میچز سنگل لیگ کے بنیاد پر کھیلے جائیں گے، پاکستان ٹورنامنٹ میں پانچ میچ کھیلے گا۔ پاکستان اپنا لیگ کا پہلا میچ سری لنکا کے خلاف یکم ستمبر کو، دوسرا سنگاپور کے خلاف 2 ستمبر کو، تیسرا کمبوڈیا کے خلاف 4 ستمبر کو، چوتھا میانمار کے خلاف 5 ستمبر کو جبکہ لیگ کا آخری اور پانچواں میچ 7 ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گا جبکہ 8 ستمبر کو پوزیشن میچز کھیلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ کےلئے 30 کھلاڑیوں کو مدعو کیا جن میں رضوانہ یاسمین، ماریہ سعید، سیدہ سعدیہ، عشرت عباس، نادیہ کاظم، مہوش ارشد، عاصمہ اشرف، تسکین کوثر، کنول اعجاز، مرینہ انور، زیب النسائ، آمنہ میر، سائرہ جی رضا، ذکیہ نواز، فضیلت رشید، عائشہ رفیق، مریم منہاس، نمرہ، حنا کنول، اقراءجاوید، اقصیٰ ممتاز، عمبرین ارشد، افشاں نورین، مائرہ صابر، شکریہ رشید، حنا پرویز، بشریٰ نذیر، ثناءارشد، مدیحہ منظور اور روزینہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرانے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ نئے کھلاڑیوں کو بھی کیمپ شامل کیا گیا ہے، کھلاڑیوں کو کیمپ کے دوران صبح و شام تربیت دی جائے گی اور کیمپ کے دوران گذشتہ سال دسمبر میں کھیلے گئے ایشین گیمز کے کوالیفائنگ راﺅنڈ میں پیش آنے والی کھلاڑیوں کی خامیوں کو دور کرکے ان پرقابو پایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں کو عیدالفطر کی تعطیلات 7 سے 12 اگست تک ہوں گی اور ان تعطیلات سے قبل 18 رکنی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم 28 اگست کو بنکاک روانہ ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن