وظائف پر بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے افسروں سے تفصیلات طلب کر لی گئیں
اسلام آباد (عترت جعفری) وفاقی حکومت نے 2004-09ءکے درمیان پروفیشنل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت وظیفہ پر بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے تمام افسروں سے تربیت کی تفصیلات اور حاصل کردہ ڈگریوں کی مصدقہ نقول طلب کر لی ہیں۔ ایف بی آرکے ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی حکومت کی ہدایت کی روشنی میں بیرون ملک یونیورسٹیز اور انسٹی ٹیوٹس میں تربیت کےلئے سرکاری وظیفہ کے ساتھ جانے والے افسروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 26 جولائی تک ضروری معلومات دیں۔ آفیسر کو بتانا پڑے گا کہ اس نے تربیت اور ڈگری کے حصول کے بعد 5 سال تک کوئی طویل رخصت حاصل نہیں کی ہے اور مسلسل 5 سال تک حکومت پاکستان میں خدمات انجام دی ہیں۔ آفیسرکو غیرملکی ادارے سے حاصل شدہ ڈگری کی نقل بھی دینا پڑے گی۔ پاکستان کسٹمز سروس کے40 افسروں کو معلومات دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان میں گریڈ 17 سے 19 تک کے افسر شامل ہیں۔